Tag Archives: zafar hijazi

ریکارڈ ٹمپرنگ کیس میں ظفرحجازی پر فرد جرم عائد

 اسلام آباد: چوہدری شوگر مل کے ریکارڈ ٹمپرنگ کیس میں چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔ریکارڈ ٹمپرنگ کیس میں سابق چیئرمین سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) ظفر حجازی اسپیشل جج ارم نیازی کی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے شریف خاندان کی چوہدری شوگر ملز سے متعلق ایس ای سی پی ریکارڈ میں غیرقانونی رد وبدل کرنے پر ظفر حجازی پر فرد جرم عائد کردی۔ ملزم کو فرد جرم پڑھ کر سنائی گئی جس کے مطابق آپ نے چوہدری شوگر ملز کے ریکارڈ میں ٹمپرنگ کی اور اس کے لئے آپ نے اپنے ماتحت افسران پر دباؤ ڈالا۔

دوسری جانب ظفرحجازی نے عدالت میں صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں کوئی ریکارڈ ٹمپرنگ نہیں کی اور میرے خلاف کیس نہیں بنتا۔ پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ اس کیس میں ریکارڈ ٹمپرنگ کے حوالے سے ہمارے پاس گواہ موجود ہیں اور ہم ثابت کردیں گے کہ ریکارڈ ٹمپرنگ ہوئی ہے۔

ریکارڈ ٹیمپرنگ؛ چیرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی عدالت سے گرفتار

 اسلام آباد: چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کو ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس میں درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔وفاقی دارالحکومت کے اسپیشل جج سینٹرل طاہر محمود کے روبرو ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس میں چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی، ظفر حجازی کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ ان کے موکل کے کسی فائل پر دستخط موجود نہیں، انہوں نے تحقیقات کرنے والے ارکان کے ساتھ کوئی میٹنگ بھی نہیں کی اور نہ کسی پر دباوٴ ڈالا۔ اس حوالے سے لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔ جے آئی ٹی کے قیام سے 10 ماہ پہلے فائل میں تاریخ تبدیل کی گئی۔ تحقیقاتی افسران نے بغیر کسی کے دباوٴ کے ٹیمپرنگ کی، عابد حسین ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہیں انہیں کسی ہدایت کی ضرورت نہیں تھی جب کہ ماہین نے بھی اپنے بیان میں کسی دباوٴ کا ذکر نہیں کیا۔عدالت میں سماعت کے موقع پر ایف آئی اے کی جانب سے چیئرمین ایس ای سی پی کی درخواست ضمانت کی مخالفت کی گئی، ایف آئی اے کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ چیرمین ایس ای سی پی کے خلاف مقدمے میں کوئی بدنیتی شامل نہیں، ان کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کے بعد شواہد کی بنا پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست ضمانت مسترد کردی جس کے بعد انہیں عدالت کے احاطے سے گرفتار کرلیا گیا۔