لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی عدالت نے سکھ علیحدگی پسند رہنما کے قتل کی سازش کے جرم میں بھارتی شہری کو 19 سال قید کی سزا سنادی۔امریکا میں بھارتی حکومت کی پشت پناہی میں ایک سکھ علیحدگی پسند رہنما کو قتل کرنے کی ناکام سازش کا اعتراف کرنے والے بھارتی شہری کو 19 سال سے زائد قید کی سزا سنا دی گئی۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق قتل کی یہ سازش اس وسیع تر مہم کا حصہ تھی جسے امریکی اور کینیڈین حکام بھارتی حکومت کے ناقدین اور مخالفین کو نشانہ بنانے کی کوشش قرار دیتے ہیں۔خبررساں ایجنسی رائٹرزکے مطابق 55 سالہ نکھل گپتا نے رواں سال فروری میں اجرتی قتل، اجرتی قتل کی سازش اور منی لانڈرنگ کی سازش کے الزامات میں اعترافِ جرم کیا تھا۔امریکی ڈسٹرکٹ جج وکٹر ماریرو نے مین ہیٹن کی وفاقی عدالت میں ہونے والی سماعت کے دوران ملزم کو 235 ماہ (19 سال 7 ماہ) قید کی سزا سنائی۔استغاثہ نے نکھل گپتا پر الزام عائد کیا تھا کہ اس نے ایک بھارتی سرکاری اہلکار کے ساتھ مل کر نیویارک میں قائم تنظیم ‘سکھس فار جسٹس’ کے رہنما اور امریکی و کینیڈین شہریت کے حامل گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی سازش تیار تھی۔عدالتی دستاویزات کے مطابق نکھل گپتا اور بھارتی حکومتی اہلکار وکاش یادو نے ایک مبینہ قاتل کو 15 ہزار ڈالر نقد رقم پہنچانے کا انتظام کیا تھا جو دراصل امریکی قانون نافذ کرنے والے ادارے کا ایک خفیہ اہلکار تھا
امریکا میں سکھ رہنما کے قتل کی سازش میں ملوث بھارتی شہری کو 19 سال قید

