لاہور(خصوصی رپورٹ) لیسکو شہر میں بجلی چوری کی بڑھتی ہوئی شرح کو روکنے میں ناکام ہو گئی‘ کمپنی کو لائن لاسز میں 6 ماہ مسلسل اضافے کی وجہ سے ڈیڑھ ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا‘لیسکو حکام کی بجلی چوروں کیخلاف کارروائیاں اور آپریشن صرف پیپر ورک تک محدود رہ گئیں۔تفصےلات کے مطابق لیسکو شہر میں بجلی چوری کی بڑھتی ہوئی شرح کو روکنے میں ناکام ہو گئی چھ ماہ سے مسلسل لائن لاسز میں اضافے کی وجہ سے کمپنی کو ڈیڑھ ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑاہے کمپنی دستاویزات کے مطابق ماہ اپریل سے ستمبر تک کمپنی کے لائن لاسز میں مسلسل اضافہ ہواہے ماہ اپریل میں ایک فیصد اضافے کی وجہ سے 36 کروڑ روپے، ماہ مئی میں اعشاریہ چھ فیصد اضافے کی وجہ سے 21 کروڑ روپے جبکہ ماہ جون اور جولائی میں بھی لائن لاسز میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا ہے اسی طرح ماہ اگست میں اعشاریہ تین فیصد اضافہ ریکارڈ کیا جس کی وجہ سے 22 کروڑ روپے کا نقصان جبکہ ستمبر میں بھی اعشاریہ تین فیصد لائن لاسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور 32 کروڑ کا نقصان ہوا، اس طرح کمپنی کو مجموعی طور پر ڈیڑھ ارب روپے کا نقصان ہوا۔