شارجہ(اے پی پی) پاکستان کے کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز یونس خان نے کہا ہے کہ ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہے اور ویسٹ انڈیز کو تیسرے اور آخری میچ میں بھی مسلسل شکست دیکر سیریز کلین سوئپ کریگی۔ پاکستان کی ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 30 اکتوبر سے شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف مسلسل دو ٹیسٹ میچ جیتنے کے بعد ٹیم پر اعتماد ہے اور آخری ٹیسٹ میں شرکت کے لئے بے تاب ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہے، انہوں نے کہا کہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دو میچوں میں کامیابی پر بہت خوش ہیں اور وہ پرعزم ہےں کے انکی ٹیم تیسرے میچ میں بھی ویسٹ انڈین ٹیم کو شکست دیکر سیریز کلین سوئپ کریگی تاہم انہوں نے کہا ہے کہ ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کرنے کے حصول کے لئے ٹیم کو ہر شعبے میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی پر فخر ہے اور امید ہے کہ کھلاڑی ٹیسٹ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے کلین سوئپ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہو گی کہ کالی آندھی کے خلاف آخری میچ جیت کر سیریز کا شاندار طریقے سے اختتام کریں اور اس مقصد کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں شعبوں میں سخت محنت کرنا ہو گی۔