وزیراعظم کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے اہلیہ کی آف شور کمپنی سے متعلق عمران خان کے الزامات کو بے بنیاد اور غلط قرار دے دیا ہے۔سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے موقف اختیار کیا ہے کہ انکی اہلیہ پرجن اثاثوں کا الزام لگایا انکی کبھی وہ مالک نہیں رہی ، درخواست بے بنیاد اور جھوٹی قرار دیکر خارج کی جائے۔ عمران خان نے ان کے خلاف جھوٹا کیس بنایا۔کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کہنا ہے کہ ان کی نااہلی کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کو ریفرنس نہیں بھیجا گیا ، الیکشن کے بعد آرٹیکل 63 کے تحت نا اہلی کا دائرہ محدود ہے ، الیکشن سے پہلے آرٹکل 62 کے تحت نااہلی کا سوال نہیں اٹھایا گیا ، سپریم کورٹ میں اہلیت پر سوال آرٹیکل 225 کی خلاف ورزی ہے۔ وزیراعظم کے داماد کا کہنا ہے کہ انہوں نے کاغذات نامزدگی میں اثاثوں کی مکمل تفصیل فراہم کی، ان کی اہلیہ بھی باقاعدگی کے ساتھ ٹیکس ادا کرتی ہے، ٹیکس ریٹرن میں اہلیہ نے تمام اثاثے ظاہر کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی درخواست بے بنیاد اور جھوٹی قرار دیکرخارج کی جائے۔