تازہ تر ین

راتوں کی نیند حرام ہو گئی …. وزیراعظم کے اہم انکشاف سے کھلبلی

نڑھ، کہوٹہ (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقتصادی اور دفاعی میدان میں ترقی مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہی ہوئی ہے، پگڑیاں اچھالنے والا، مسلسل جھوٹ بولنے والا اور غیر شائستہ زبان استعمال کرنے والا کبھی پاکستانی عوام کا لیڈر نہیں ہو سکتا، پاکستان ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے، مخلافین کی راتوں کی نیند حرام ہوگئی۔ مخالفین کو ترقی ہضم نہیں ہو رہی اور وہ اس کی راہ میں رکاوٹیں حائل کر رہے ہیں لیکن ترقی کا پہیہ روکنے والوں کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نڑھ، کہوٹہ میں ایک بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفر الحق، وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی اور صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور نے بھی خطاب کیا۔ وزیراعظم نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو جدید بنانے، 12 سکولوں کو ہائیر سیکنڈری سکول کا درجہ دینے، کہوٹہ روڈ کو دو رویہ کرنے، کہوٹہ۔کلرسیداں میں 100 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کیلئے فنڈز کی فراہمی کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے ہر دورہ حکومت میں زندگی کے ہر شعبہ کو ترقی دی ہے، اپنے گذشتہ دور حکومت میں ایٹمی دھماکے کرکے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، ترقی و خوشحالی کیلئے موٹروےز تعمیر کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو ملک کو معاشی مشکلات، توانائی کی قلت اور دشت گردی کے چیلنجز کا سامنا تھا جس پر فوری توجہ کی ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بجلی اور گیس کے منصوبے شروع کئے تاکہ ملک سے توانائی کی قلت دور ہو۔ وزیراعظم نے کہا کہ بنیادی ڈھانچہ کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، گوادر سے خنجراب تک شاہرات تعمیر کی جا رہی ہیں جس سے پورے ملک کے عوام کو فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نڑھ کا علاقہ خوبصورت ترین علاقہ ہے، خواہش ہے کہ یہاں سیاحت کو فروغ ملے اور لوگ مری اور دیگر سیاحتی مقامات کی طرح اس علاقہ کی سیاحت کیلئے بھی آئیں۔ انہوں نے کہا کہ خوبصورت علاقہ کی طرح یہاں کے لوگ بھی بڑے اچھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی لوگ سچے ہیں، کوئی جھوٹ بولنے والا ان کا لیڈر نہیں ہو سکتا، سرعام پگڑیاں اچھالنے والا رہنما نہیں ہو سکتا، نازیبا زبان استعمال کرنے والا ان کا لیڈر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ میں اس علاقہ کو سلام پیش کرتا ہوں کہ یہاں کے بلدیاتی انتخابات میں کوئی بھی امیدوار ایسا نہ تھا جس نے پگڑیاں اچھالنے والوں کا ٹکٹ لیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کر رہا ہے، نڑھ اور کہوٹہ جیسے علاقے بھی ترقی کر رہے ہیں، مخالفین کو معلوم ہے کہ علاقہ میں بجلی اور گیس کی فراہمی اور دو رویہ خوبصورت ایکسپریس وے بننے سے علاقہ میں ترقی و خوشحالی آئے گی، اسی لئے وہ رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں جو خوشحالی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترقی صرف مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کا سفر زور و شور سے جاری رہے گا، ترقی کا پہیہ روکنے والے کامیاب نہ ہوں گے جنہیں عوام نے مسترد کر دیا ہے اور مخالفین نے آئینے میں اپنا چہرہ بھی دیکھ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم محنت اور دیانتداری سے کام کر رہے ہیں، کوئی ہم پر انگلی نہیں اٹھا سکتا کہ ہم نے کسی پراجیکٹ میں پیسے یا کمیشن لیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کا خاتمہ میری اولین ترجیح ہے، ہم نے دہشت گردی کی کمر توڑ دی ہے، طلباءکو بہترین تعلیمی سہولیات کے ساتھ لیپ ٹاپ فراہم کر رہے ہیں، اس سلسلہ میں اربوں روپے کے وظائف بھی دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے علاج معالجہ کیلئے ہسپتال قائم کئے جا رہے ہیں، ریلوے کو ٹھیک کیا گیا ہے، پی آئی اے کے امور میں بہتری لائی گئی ہے اور پی آئی اے کو دنیا کی بہترین ایئر لائن بنائیں گے، حاجی صاحبان جنہیں پہلے طرح طرح کی مشکلات کا سامنا تھا اب ان سے وی آئی پی برتاﺅ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نڑھ کا اسلام آباد سے سفر تین گھنٹے سے کم کرکے ایک گھنٹہ میں لانے کیلئے بہترین شاہراہ تعمیر کی جائے گی اور اس کیلئے پہاڑوں میں سرنگ تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خنجراب سے گوادر تک بہترین شاہراہ تعمیر کی جا رہی ہے جس سے پاکستان اور چین کی تجارت میں اضافہ ہو گا اور چین کا تجارتی سامان براستہ پاکستان بیرونی منڈیوں اور یورپ تک جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بجلی اور گیس کے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے، پہلے 16 اور 18 گھنٹوں تک لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی، ماضی کی حکومتوں نے لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کیلئے کوئی کام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کا ایجنڈا ترقی کا ایجنڈا نہیں ہے، اب لوڈ شیڈنگ کم ہو گئی ہے، اس پورے علاقے میں گیس اور بجلی آئے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ ڈٹ کر بات کی، میں نے اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو مو¿ثر انداز میں اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے راجہ ظفر الحق اور شاہد خاقان عباسی کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اس علاقہ کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اور شاہد خاقان عباسی نے 14 ماہ جیل کاٹی، ہمارا کیا قصور تھا؟ ہمیں اٹک قلعہ میں رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا، عوام بار بار مسلم لیگ (ن) کو ملک کی ترقی کا موقع دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترقی ہو رہی ہے اور اس کام میں سب کو ہاتھ بٹانا چاہئے، موٹروے بن رہے ہیں، سڑکیں بن رہی ہے، گیس آ رہی ہے۔ وزیراعظم نے علاقہ کی ترقی کیلئے اعلانات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پر خوبصورت شاہراہ تعمیر کی جائے گی، کہوٹہ تحصیل اور کلرسیداں کی تمام یونین کونسلوں کو گیس اور بجلی فراہم کی جائے گی، کہوٹہ کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو جدید بنایا جائے گا جہاں علاج معالجہ کی تمام سہولیات میسر ہوں گی، 12 سکولوں کا درجہ بڑھا کر ہائیر سیکنڈری سکول کیا جائے گا، یہاں لڑکیوں کیلئے کالج قائم کرنا چاہتے ہیں، کہوٹہ اور کلرسیداں میں 100 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کیلئے فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں پر اربوں روپے لاگت آئے گی جس سے علاقہ میں بڑی ترقی ہو گی اور پسماندگی کا خاتمہ ہو گا۔ وزیراعظم نے جلسہ میں خواتین کی شرکت کو بھی سراہا۔ قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفرالحق نے کہاکہ آج کہوٹہ کے عوام نے وزیراعظم محمد نواز شریف کا والہانہ استقبال کیا ہے یہ علاقہ شہیدوں کا علاقہ ہے اور جب وعدہ کرتے ہیں تو اپنی جانیں بھی قربان کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں بے شمار سیاستدان ہیں لیکن تین مرتبہ وزیراعظم منتخب ہونے کا اعزاز وزیراعظم محمد نواز شریف کو ہی حاصل ہے‘ محمد نواز شریف کو پہلے ادوار میں مدت پوری نہیں کرنے دی‘ پھر بھی انہوں نے صبر و تحمل اور وضع داری کی سیاست کو ترجیح دی‘ تنقید برائے تنقید کی پرواہ کئے بغیر ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی کے ایجنڈے پر تیزی سے عمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہوٹہ کے مختلف علاقوں کی تعمیر و ترقی کےلئے بے شمار فنڈز فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بیرونی قوتیں اگر پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف باتیں یا سازشیں کرتی ہیں تو وہ ان کے ایجنڈے کا حصہ ہے لیکن پاکستان کے اندر سی پیک کے خلاف باتیں ہو تو وہ ان کے ایجنڈے کو کیا کہیں گے۔ وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ آج نڑھ میں تاریخی دن ہے‘ یہاں وہ وزیراعظم ہمارے درمیان ہے جنہوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا‘ توانائی بحران سمیت تمام چیلنجز پر قابو پایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج تنقید کرنے والے بھی ملیں گے لیکن گذشتہ 15 سالوں میں جو کام ہوئے ان کے مقابلے میں وزیراعظم محمد نواز شریف کے تین سال کے کام کئی گنا زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑی علاقوں سمیت ملک بھر میں اگر کسی بھی جگہ ترقیاتی کام ہوئے ہیں تو وہ مسلم لیگ (ن) کا دور میں ہی ہوا حالانکہ آمریت کے ادوار اور دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی اقتدار کے مزے لوٹے لیکن ترقی کے راستے کا انتخاب نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2018ءمیں ملک بھر کے لوگ ایک مرتبہ پھر وزیراعظم محمد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کو اکثریت سے کامیاب کرائیں گے۔ پنجاب کے وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرورنے کہا کہ جتنے کام ان تین برسوں میں ہوئے ہیں وہ تاریخ میں کبھی نہیں ہوئے‘ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ سمیت دیگر منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قیادت پاکستان کی ترقی کےلئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہیں‘ کہوٹہ جیسے پہاڑی علاقے بھی مسلم لیگ (ن) کا قلعہ بن چکے ہیں اور مستقبل میں بھی یہاں مسلم لیگ (ن) ہی کامیاب ہو گی۔ اس سے پہلے وزیراعظم جلسہ گاہ پہنچے تو شرکاءکھڑے ہو کر ان کا والہانہ استقبال کیا اور فلک شگاف نعرے گا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain