کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) چین اور پاکستان کے درمیان تجارت جلد ہی ڈالرز کے بجائے دونوں ممالک کی کرنسی میں ہونے جا ری ہے جس کے باعث امریکی اجارہ میں کمی اور خطے میں تجارت کا ایک نیا دور شروع ہونے والا ہے۔تفصیلات کے مطابق چین اور پاکستان کے درمیان تجارت ڈالرز میں ہوتی ہے جس کے باعث تاجروں کیلئے بینکوں کے ذریعے پیسوں کی منتقلی میں رکاوٹیں پیدا ہوتی ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان دو سال قبل کرنسی سویپ کا معاہدہ ہوا اور اب سٹینڈر چارٹرڈ بینک کے زیر اہتمام پاکستان میں ایک روڈ شو کا انعقاد کیا گیا جس میں بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شہزاد دادا نے کہا کہ ان کی سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ بہت نتیجہ خیز میٹنگ ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ مرکزی بینکاروں نے چین اور پاکستان کے درمیان تجارت کو دونوں ممالک کی کرنسی کے ذریعے عمل میں لانے کیلئے مکمل طور پر سہولیات فراہم کرنے کا عہد کیا ہے۔یہ روڈ شو ایک ایسے وقت میں منعقد کیا گیا ہے جب چین اور پاکستان کے بینکوں نے ایک دوسرے کے ملکوں میں ابھی تک اپنی برانچیں کھولنا ہیں جبکہ سٹینڈر چارٹرڈ کی دونوں ممالک میں برانچیں موجود ہیں۔ یہ روڈ شو ایک انٹرنیشنل سیریز کا حصہ ہے جس کے تحت گریٹر چائنہ میں واقعہ سٹینڈرڈ چارٹرڈ کی جانب سے حال ہی میں مڈل ایسٹ اور افریقہ میں بھی روڈ شوز کا انعقاد کیا گیا ہے۔ چین نے اب پاکستان، متحدہ عرب امارات، قطر اور ہانگ کانگ سمیت 8 ممالک کے ساتھ مقامی کرنسی میں باہمی تجارت کا معاہدہ کیا ہے۔