واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدارتی انتخابات میں ناقابل یقین کامیابی حاصل کرنے والے ڈونلنڈ ٹرمپ کی فتح کے ساتھ ہی نو منتخب صدر کی اہلیہ میلینا ٹرمپ کے لئے بھی امریکہ کی 2سوسالہ انتخابی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہو گا کہ بیرون ملک پیدا ہونے والی کوئی خاتون امریکہ کی فرسٹ لیڈی (خاتون اول) کا اعزاز حاصل کریں گی۔ نومنتخب امریکی صدر ڈونلنڈ ٹرمپ کی 46سالہ اہلیہ میلینا ٹرمپ کی پیدائش سلووینیا میں ہوئی ہے جوکہ اس وقت یوگوسلاویہ کا حصہ تھا،ان کی ماں فیشن انڈسٹری سے وابستہ رہی ہیں اور باپ کار سیلز مین تھے۔میلینا ڈیزائننگ اور فن تعمیر کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد ماڈلنگ کو بطور کیریئر اپنانے کے لئے وہ ملاپ اور پیرس چلی گئیں تھیں۔1996 میں اسی کیریئر کو آگے بڑھانے کے مقصد سے میلینا امریکہ آئیں،اس کے دو سال بعد ڈونلنڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوئی اور بعد میں وہ ان کی تیسری بیوی بنیں۔ میلینا نے 2006 میں امریکہ کی شہریت حاصل کی اور اسے اپنے لئے سب سے بڑے اعزاز کی بات کہا۔گزشتہ ہفتے ڈونلنڈ ٹرمپ کا پیسلوینیا میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے میلینا نے کہا ٹرمپ حیرت انگیز صدر ثابت ہوں گےتاہم انتخابی مہم کے دوران میلینا کی ایک تقریر کی اس وقت تنقید ہوئی تھی جب ان پر الزام لگا تھا کہ انہوں نے ملک کی موجودہ فرسٹ لیڈی مشعل اوباما کی ایک تقریر کی کاپی کی ہے۔