واشنگٹن (خصوصی رپورٹ) کیلیفورنیا یونیورسٹی کے ماہرین نے فیس بک سمیت دیگر سوشل میڈیا کے استعمال کو طویل العمری کا نسخہ قرار دے دیا ہے۔ اپنی تحقیق میں امریکی ماہرین کا دعویٰ ہے کہ سوشل میڈیا کے صارفین نہ صرف اپنی جسمانی و دماغی صحت برقرار رکھتے ہیں بلکہ ان کی ناگہانی طبعی موت کے خطرات بھی دیگر لوگوں سے کم ہوتے ہیں۔ امریکی محققین نے اس ضمن میں ایک کروڑ سے زائد فیس بک صارفین کا ڈیٹا ریکارڈ چیک کیا۔ اس دوران بالخصوص عمررسیدہ اور نوجوان باشندوں کو فوکس کیا گیا۔ تحقیق کے نتائج سے یہ بات پتہ چلی کہ جو صارفین سماجی رابطوں کی سائٹس اور بالخصوص فیس بک پر زیادہ سے زیادہ دوست بناتے ہیں ان کی عمریں طویل ہو رہی ہیں۔ وہ فکروں سے آزاد ہیں اور زیادہ خوش رہ رہے ہیں۔ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے ماہرین ولیم ہوبز اور جیمس فولر نے مشترکہ تحقیق کے حوالے سے بتایا کہ ایک کروڑ بیس لاکھ سے زیادہ صارفین پر کی جانے والی تحقیق میں علم ہوا ہے کہ سماجی رابطوں کی سائٹس متوازن انداز میں استعمال کرنے کے مثبت اثرات ذہن اور عمر پر پڑتے ہیں کیونکہ فیس بک اور سماجی رابطوں کی سائٹس پر آن لائن دوست احباب آپ کی خوشی اور غم میں برابر کے شریک ہوتے ہیں اور آپ کے ہر ایونٹ پر ان کا رویہ اور ردعمل آپ کی زندگی پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے‘ جس سے جینے کی امنگ بڑھتی ہے۔ امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر فیس بک کی بات کی جائے تو اس سائٹ پر مقبول ہونا بھی صارفین کی درازی عمر پر اثرانداز ہوتا ہے۔ امریکی ماہر میورا جو 2013ءسے اس تحقیق سے منسلک ہیں‘ کہتی ہیں کہ انہوں نے ایسے صارفین کا پتہ چلایا ہے جو فیس بک سمیت سماجی رابطوں کی سائٹس استعمال کرتے تھے لیکن ان کے بہت کم دوست تھے۔ ان میں سے 50فیصد صارفین جلد انتقال کر گئے البتہ ان صارفین کی صحت پر کوئی منفی اثرات مرتب نہیں پائے گئے جنہوں نے زیادہ سے زیادہ تعداد میں فرینڈز ریکوئسٹ وصول کیں اور بھیجیں۔ امریکی ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ میں ایسے فیس بک صارفین کی کوئی کمی نہیں ہے جو عمررسیدہ ہیں اور تنہائی کا شکار ہیں۔ فیس بک کا استعمال قنوطیت اور یاسیت کا شکار ایسے تنہا افراد کیلئے نعمت ہے کیونکہ جب وہ غصے یا غم کی کیفیت میں ہوتے ہیں تو فیس بک پر ہی اپنے دل کی بھڑاس نکال لیتے ہیں اور اس کا مثبت اثر ان کی صحت پر پڑتا ہے۔ امریکی ماہرین کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے فیس بک اور سماجی رابطوں کی دیگر سائٹس کو روزانہ کی بنیاد پر دیکھنے والے معمر‘ ادھیڑ عمر اور نوجوانوں میں یہ بات مشترکہ پائی ہے کہ جو صارفین زیادہ سے زیادہ تصاویر‘ دلچسپ معلومات اور فنون لطیفہ سمیت دیگر ویڈیوز پوسٹ کرتے ہیں‘ وہ زیادہ صحتمند رہتے ہیں جبکہ جن صارفین نے معمولی استعمال کے دوران سرسری انداز میں سوشل میڈیا استعمال کیا‘ ان پر مثبت اثرات کا تناسب کم تھا۔