راولپنڈی، جہلم(نیوز ایجنسیاں، بیورو رپورٹ) بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بھمبر سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ سے 7فوجی جوان شہید ہو گئے، پاک فوج کی جانب سے جوابی کارروائی میں بھارتی چیک پوسٹوں کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بھمبر سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ سے 7فوجی جوان شہید ہوگئے، بھارت کی جانب سے رات گئے ایل او سی پر فائرنگ کی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے جوابی کارروائی میں بھارتی چیک پوسٹوں کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع کے مطابق پا ک فوج کی موثر جوابی کارووائی میں متعدد بھارتی فوجی ہلاک ہوئے اور کئی مورچے بھی تباہ ہوگئے ۔یادرہے کہ بھارت نے اس سال 222سے زائد بار سیز فائر کی خلاف ورزیاں کیں،لائن آف کنٹرول پر 184جبکہ ورکنگ باﺅنڈری کی 38بار خلاف ورزیاں کی گئیں،گذشتہ 13سال میں پہلی دفعہ حالیہ کشیدگی کے دوران توپ خانے کا استعمال کیا گیا۔ نجی نیوز چینل کے مطابق لائن آف کنٹرول کے بھمبر سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے7 پاکستانی فوجی شہید ہوئے جس پر پاک فوج نے بھر پور جوابی کارروائی کرتے ہوئے تین بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا جبکہ15سے20 بھارتی فوجی بھی مار دیئے۔ دوسری طرف سیکرٹری خا رجہ نے بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبانوالہ کو دفتر خاجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا اور احتجاجی مراسلہ بھی تھمادیا دفترخارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے کہ بھارت مسلسل بلا اشتعال فائرنگ کررہا ہے اور ایل او سی کی خلاف ورزیوں پر کئی بار بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیاہے۔پیر کودفترخارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے بھمبرسیکٹر میں بھارتی فورسز کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کا پاک فوج کی جانب سے بھرپور جواب دیا گیا۔نفیس زکریا کا کہناتھا کہ بھمبر سیکٹر پر وطن کے لیے جان قربان کرنے والے بہادرجوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ان کا کہناتھا کہ بھارت نے کشمیریوں پر ظلم وبربریت کی انتہا کردی ہے اور کشمیر سے توجہ ہٹانے کےلئے بھارت اشتعال انگیزی کررہا ہے۔ پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ کنٹرول لائن پر شہید ہونے والے جوانوں کی نماز جنازہ جہلم میں ادا کرنے کے موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت ڈی جی ایم آئی اور کور کمانڈرز نے بھی شرکت کی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اس موقع پر اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کی جہاں انہیں لائن آف کنٹرول کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم باجوہ نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت پر خاموش نہیں رہتے بھرپور جواب دیتے ہیں،سرحدوں پر پاک فوج کی جوابی کارروائی میں مارے گئے بھارتی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد ہمارے شہید فوجیوں سے 3 گنا زائد ہے، بھارت ہلاکتیں چھپاتا ہے لیکن ہم اپنی شہادتیں نہیں چھپاتے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہا ہے کہ ہمارے 7 جوان لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے شہید ہوئے، یہ بہت افسوس ناک واقعہ ہے، ایل او سی اور ورکنگ باﺅنڈری پر بھارتی جارحیت ستمبر میں شروع ہوئی جو تاحال جاری ہے، قبل ازیں بھی ہمارے دو فوجی جوان شہید ہوئے تھے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر ہم نے ہمیشہ جواب دیا اور کبھی خاموش نہیں رہے، سال 2016 میں بھارت نے اب تک ایل او سی پر 199 بار اور ورکنگ باﺅنڈری پر 38 بار فائرنگ کی، جارحیت میں ستمبر کے بعد انتہائی تیزی آئی، ورکنگ باﺅنڈ پر اکتوبر سے قبل صرف ایک بار لیکن اکتوبر سے اب تک 37 بار فائرنگ ہوئی۔