تازہ تر ین

گدی نشین خواجہ اجمیر شریف سید بلال احمد چشتی کی رقت آمیز دعا

لاہور (اہتمام و رپورٹ: محمد اکمل وینس، تصاویر: خالد اسماعیل) خبریں گروپ نے ایوان اقبال میں تیسری عظیم الشان روح پرور ”وجد کی رات“ سجا دی۔ روزنامہ خبریں، روزنامہ نیا اخبار اور چینل ۵ کے زیر اہتمام منعقدہ نورانی محفل حفیظ گھی اینڈ جنرل ملز اور ایس ایم فوڈز کے تعاون سے منعقد کی گئی جبکہ انتظامی امور کو بہتر بنانے میں فاطمہ گروپ، خواجہ محمد یار فریدی فورم پاکستان اور نعت فورم انٹرنیشنل نے بھی بھرپور معاونت کی۔ ”وجد کی رات“ میں عشاق کی جوق در جوق شرکت سے ایوان اقبال لاہور کی نشستیں کم پڑ گئیں۔ شرکائے تقریب رات گئے تک پاکیزہ محفل میں موجود رہ کر رحمتوں اور برکتوں سے جھولیاں بھرتے رہے۔ ”وجد کی رات“ کے اختتام پر قرعہ اندازی کے ذریعے 2عمرہ ٹکٹ بھی دئیے گئے۔ یہ قرعہ خوش بخت سارہ سلیم اور خوش نصیب محمد فیصل کے نام نکلا۔ سالار جنگ، صدر نیشنل مشائخ کونسل پاکستان و سجادہ نشین گڑھی شریف خواجہ غلام قطب الدین فریدی نے روح پرور خطاب کیا جبکہ گدی نشین اجمیر شریف سید بلال احمد چشتی نے رقت آمیز دعا کرائی۔ بین الاقوامی شہرت کے حامل قاری کرامت علی نعیمی نے آیات ربانی کی تلاوت سے شرکاءکے قلوب کو معطر کیا جبکہ صدارتی ایوارڈ یافتہ قاری و نعت خواں قاری وحید ظفر قاسمی نے بارگاہِ رسالت میں عقیدتوں کے پھول نچھاور کر کے خوب سماں باندھا۔ عالمی شہرت کے حامل معروف ثناءخوانوں پروفیسر عبدالرﺅف روفی، شہباز قمر فریدی اور سرور حسین نقشبندی نے بھی خوبصورت اور دلکش انداز میں اپنی اپنی حاضری پیش کر کے عشاق کے دل موہ لئے۔ محافل نعت کے نامور نقیب اور سکالر تسلیم احمد صابری، حافظ محمد یونس قادری اور انچارج کلچرل اینڈ سپورٹس ونگ ”خبریں“ محمد اکمل وینس نے نقابت کی ذمہ داریاں ادا کیں۔ صاحبزادہ تسلیم احمد صابری اور حافظ یونس قادری کے اندازِ نقابت اور پیش کردہ کلام کو بھی خوب پذیرائی ملی۔ ”وجد کی رات“ میں خبریں گروپ کے چیف ایگزیکٹو ضیاشاہد نے بطور میزبان خصوصی جبکہ نامور مشائخ اور معروف شخصیات نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں شرکت کے لئے عشاق کی آمد 8 بجے شب شروع ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے ایوان اقبال کھچا کھچ بھر گیا۔ 9بجے شروع ہونے والی نورانی محفل 3بجے شب تک جاری رہی۔ نور و نکہت میں ڈوبی وجد آور اور کیف آفریں تقریب میں مسلسل 6 گھنٹے تک تکبیر و تحسین کے فلک شگاف نعرے بلند ہوتے رہے۔ ایوان اقبال کی فضا درود و سلام کی صداﺅں سے معطر رہی۔ شرکاءپسندیدہ ثناءخوانوں سے فرمائشی کلام جھوم جھوم کر سنتے رہے۔ نورانیت اور روحانیت کی بدولت عشاق کی پلکوں کے گوشے نم رہے۔ شرکائے تقریب نے ”وجد کی رات“ کو لاہور کی تاریخ ساز محفل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ”خبریں“ گروپ نے ناقابل فراموش تقریب کاانعقاد کر کے عشاق کے دل جیت لئے ہیں۔ ”وجد کی رات“ نے مقبولیت اور پسندیدگی کے نئے ریکارڈ قائم کر دئیے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خواجہ غلام قطب الدین فریدی نے کہا کہ ”خبریں“ کی محافل اپنی مثال آپ ہیں۔ ”جہاں ظلم وہاں خبریں“ اور ”صحافت برائے خدمت“ کے تحت ”خبریں“ نے عوام الناس سے مضبوط رشتہ جوڑا ہے وہاں ”خبریں“ کی پاکیزہ محافل کے تسلسل نے اسے عشاق کا بھی پسندیدہ میڈیا گروپ ثابت کر دیا ہے۔ نورانی اور روحانی سرگرمیوں کا کامیاب انعقاد ”خبریں“ کا طرئہ امتیاز ہے۔ ایسی محافل عشق مصطفی کے اظہار کا بہترین ذریعہ ثابت ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”وجد کی رات“ کا لاہور میں انعقاد بھی بہترین روایت بن چکی ہے۔ ضیاشاہد مبارکباد کے مستحق ہیں۔ تصوف کی ترویج و اشاعت میںبھی ”خبریں“ گروپ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ سید بلال احمد چشتی نے کہا کہ ”خبریں“ محض ایک اخبار نہیں بلکہ ایک منظم تحریک ہے۔ ضیاشاہد کی صحافتی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ”وجد کی رات“ میں شریک ہو کر قلبی تسکین نصیب ہوئی ہے۔ انہوں نے ”خبریں“ گروپ کی ترقی، معاون اداروں کی خیر و برکت، ضیاشاہد کی مکمل صحت یابی، امتنان شاہد کی لمبی عمر اور عدنان شاہد کے بلندی¿ درجات کےلئے خصوصی دعا بھی کرائی۔ آخر میں شرکاءمیں تبرک تقسیم کیا گیا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain