اسلام آباد (آن لائن) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے توانائی مسئلے پر توجہ نہیں دی توانائی کی منصوبہ بندی ہمارا اقتصادی وژن ہے ۔ منصوبوں کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔ توانائی منصوبوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں ۔بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔ غفلت اور تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاﺅس میں ان کی زیر صدارت توانائی منصوبوں پر جاری پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس میں کیا ۔ اس موقع پر وزیر اعظم کو وزارت پانی و بجلی کی جانب سے بجلی کے جاری منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی جس میں بتایا گیا کہ وزارت ملک بھر میں جاری توانائی منصوبوں کی نگرانی کر رہی ہے اور 2018 کے مارچ تک 10 ہزار 996 میگاواٹ بجلی نظام میں شامل ہو جائے گی۔جس سے لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا ۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے جس سے 2017 کے آخر تک نہ صرف ترسیلی نظام میں بہتری کا عمل مکمل ہو گا بلکہ نئی ٹرانسمیشن لائنوں سے ترسیلی نظام میں 90 فیصد رکاوٹیں بھی ختم ہو جائیں گی۔وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب میں بتایا کہ توانائی کی منصوبہ بندی حکومت کا وژن ہے اور بہتر حکمت عملی کے تحت 2018 میں بجلی کے مسئلے کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا جبکہ 2022 تک 3000 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کر کے منصوبوں پر حکومت توجہ دے رہی ہے اور انشاءاللہ پاکستان آنے والے کئی سالوں میں توانائی بحران سے نہ صرف چھٹکارہ حاصل کرے گا بلکہ اپنی ضروریات سے زیادہ بجلی کی پیداوار سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے بتایا کہ ماضی کی حکومتوں کو بھی قوم کی خدمت کرنے کے مواقع ملے لیکن کسی نے بھی گزشتہ 15 سالوں میں ملک کی توانائی ضروریات اور مسائل پر توجہ نہیں دی بلکہ اپنی ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دے کر قوم کے وسائل نہ صرف لوٹا بلکہ وافر مقدار میں موجود وسائل سے استفادہ کرنے کی بجائے ضائع کر دیا تاہم موجودہ حکومت ملک کی ترقی سے متعلق وژن رکھتی ہے اور مناسب حکمت عملی کے تحت قوم کے وسائل کو استعمال کر کے ان کو عوام کی فلاح کے لئے استفادہ کے قابل بنانا ہے انہوںنے بتایا کہ حکومت کی ملک کی ترقی کے لئے وژن کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ ملکی تاریخ میں توانائی کے شعبے میں ریکارڈ سرمایہ کاری ہوئی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ توانائی منصوبہ بندی کا واحد مقصد ملک سے صرف لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہیں بلکہ ملکی معاشی صلاحیت سے استفادہ کے لئے توانائی کی وافر مقدار پیدا کرنا بھی ہے ۔حکومت کی جاری توانائی منصوبوں سے نہ صرف ملک کی موجودہ توانائی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ مستقبل کی توانائی ضروریات بھی پوری ہو سکے گی ۔وزیر اعظم نے کہا کہ توانائی کے منصوبے ملک کے لئے موت و حیات کی حیثیت رکھتے ہیں اس لئے ان منصوبوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں جس کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا جبکہ کسی بھی قسم کی کوتاہی اور غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔