لاہور/ اسلام آباد / کراچی ( این این آئی) بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناحؒ کا 140واں یوم پیدائش 25دسمبر (اتوار ) قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا ۔دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت مین 31جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی سے ہوگا ۔مزار قائد پرگارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوگی جس میں اعلیٰ حکومتی اور سیاسی شخصیات شرکت کریں گی جبکہ سیاسی و مذہبی جماعتوں،سرکاری و غیرسرکاری اداروں کی جانب سے خصوصی تقریبات، سیمینارز، کانفرنسز اور مذاکروں کا اہتمام کیا جائے گا ۔ریڈیو پاکستان بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 140ویںیومِ پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرنے اور قوم کے لیے ان کی انتھک جدوجہد کو اجاگر کرنے کیلئے خصوصی پروگرام نشر کرے گا ۔سرکاری و نجی ٹی وی چینلز بھی بانی پاکستان کی شخصیت کے حوالے سے خصوصی پروگرام پیش کریں گے جبکہ اخبارات و رسائل خصوصی مضامین شائع کریں گے ۔اس موقع پر تمام بڑے و چھوٹے شہروں میں سیاسی و مذہبی جماعتوں،سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں، پاکستان مسلم لیگ، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ ، نظریہ پاکستان فانڈیشن ، مرکزیہ مجلس اقبال پاکستان اور بعض دیگر تنظیموں کے اشتراک سے خصوصی تقریبات ، سیمینارز ، کانفرنسز ، مذاکروں، مباحثوں کا انعقاد کیا جائے گا۔