کراچی (خصوصی رپورٹ) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور مفاہمت کے بادشاہ آصف علی زرداری کی وطن واپسی کے بعد حکمران مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں نے وزیراعظم نواز شریف کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آصف زرداری سے رابطہ کرکے انہیں پانامہ لیکس سکینڈل سمیت دیگر امور پر اعتماد میں لیں اور جمہوریت کو ڈی ریل ہونے سے بچانے کے لیے زرداری سے موجودہ صورت حال پر مشاورت کریں، ن لیگ کے ذرائع نے بتایا کہ آصف زرداری اور نواز شریف کے درمیان جلد ملاقات بھی متوقع ہے۔
کراچی (خصوصی رپورٹ) حکمران مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے طے کیا ہے کہ پیپلزپارٹی سے سیاسی محاذ آرائی نہیں کی جائے گی اور ان کے مطالبات کو مذاکرات سے جلدازجلد حل کیا جائے گا، لیگی قیادت کی ہدایت پر ایک اہم لیگی رہنما نے سابق صدر آصف علی زرداری کو حکومتی مفاہمتی پیام ان کے ایک سیاسی دوست کے توسط سے پہنچایا، حکمران لیگ کے ذرائع کے مطابق اس پیغام میں حکمران لیگ کی جانب سے پیپلزپارٹی کی قیادت کو ان کے مطالبات کے جائزے اور اس کا سیاسی سطح پر حل تلاش کرنے کیلئے مذاکرات شروع کرنے کا پیغام دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے حکمران لیگ اور پی پی کے درمیان سیاسی تعلقات کی بہتری میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن آئندہ دنوں میں اہم سیاسی کردار ادا کر سکتے ہیں۔