لاہور (کرائم رپورٹر) رائے ونڈ سٹی کے علاقہ امین پورہ میں پسند کی شادی کرنے والی ایک ماہ کی دلہن کو سسر نے سر میں ڈنڈا مار کر قتل کردیا۔ پولیس نے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرکے نعش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کروا دی۔ بتایاگیا ہے کہ شاہدرہ کی رہائشی 20 سالہ ارم رائے ونڈ سٹی کے علاقہ میں واقع فوڈ تیار کرنے والی فیکٹری میں کام کرتی تھی جہاں اس کی ساتھی ورکر شہباز کے ساتھ دوستی ہوگئی۔ ایک ماہ قبل دونوں کے اہل خانہ نے دھوم دھام سے شادی کردی جس کے بعد ارم کے سسرالیوں نے اس سے جھگڑنا شروع کردیا اور دونوں کو علیحدہ کردیا۔ شہباز اپنی بیوی کو کرائے کے مکان میں لے جاکر رہائش پذیر ہوگیا۔ رات گئے ارم اپنے سسرال والوں کو ملنے کے لئے آئی تو اس کے سسر شہزاد نے تلخ کلامی کے بعد سر میں ڈنڈا مار کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے ملزم شہزاد کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق درخواست موصول ہونے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
قتل