لاہور (خصوصی رپورٹ) حکومت نے صوبہ بھر کے تمام بلدیاتی اداروں میں ہر قسم کی بھرتیوں پر پابندی عائد کر دی، ذرائع کے مطابق نئے بلدیاتی نظام آنے کے بعد ضلع کونسلوں، میونسپل کارپوریشنوں، میونسپل کمیٹیز اور یونین کونسل میں ہر قسم کی بھرتی پر پابندی عائد کرنے کا حکم دے دیا ہے، اس ضمن میں سیکرٹری بلدیات کی جانب سے تمام چیئر مینوں، ٹی ایم ایز اور میونسپل ٹاﺅن کمیٹیز کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ پابندی اس وقت تک عائد رہے گی جب تک نیا بلدیاتی نظام اپنے پاﺅں پر کھڑا نہیں ہو جاتا۔ یکم جنوری 2017 سے صوبہ بھر کے 36 اضلاع میں نیا بلدیاتی نظام رائج ہو جائے گا، منتخب ہونے والے چیئر مین ضلع کونسل، میئر اور ٹاﺅن کمیٹی اپنے اپنے فرائض سر انجام دینا شروع کر دیں گے۔