کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی رہنما و سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی بہو غنویٰ بھٹونے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی دعوت قبول کرلی ہے جبکہ ان کی پوتی فاطمہ بھٹو اور پوتے ذوالفقار بھٹو جونیئر نے بھی اس دعوت کا خیر مقدم کیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے میر مرتضیٰ بھٹو کی بیوی غنویٰ بھٹو اور دونوں بچوں فاطمہ بھٹو اور ذوالفقار جونیئر کو پیپلز پارٹی میں شرکت کی دعوت دی۔ غنویٰ بھٹو کی جانب سے سابق صدر کی دعوت قبول کرلی گئی جبکہ ان کے بچوں نے بھی دعوت کا خیر مقدم کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں بھٹو خاندان ، زرداری خاندان کے ساتھ پیپلز پارٹی میں شامل ہوجائے گا ، یہ بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بینظیر بھٹو کی نویں برسی کے موقع پر بھٹو خاندان پی پی میں شمولیت کا اعلان کر سکتا ہے۔ واضح رہے کہ اتوار کے روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ فاطمہ بھٹو اور ذوالفقار جونیئر میرے خاندان کا حصہ ہیں تاہم کافی عرصے سے ان کے ساتھ رابطہ نہیں ہوا لیکن ہمارے دل کے دروازے ہمیشہ ان کے لیے کھلے ہیں۔