لاہور(خصوصی رپورٹ)نئے سال کے موقع پر شراب و ڈانس پارٹیوں کے انعقاد کے لئے آرگنائزر بھی میدان میں آ گئے ہیں۔ جنہوں نے فارم ہاوسز، کلبوں، ہوٹلوں اورپوش علاقوں میں بڑی کوٹھیوں میں شراب و ڈانس پارٹیوںکے تمام انتظامات کے لئے مارکیٹنگ اور بکنگ شروع کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میںشراب وشباب اور ڈانس پارٹیوں کا رجحان اتنی تیزی سے زورپکڑگیا ہے کہ ان پارٹیوں کے انعقاد کے حوالے سے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے عیاش افراد کے گروپس بن گئے ہیں۔ صورتحال یہ ہے کہ مادرپد ر آزاد عیاش امرا کی جانب سے شہر کے مضافات میں فارم ہاﺅسز کے علاوہ پوش علاقوں میں بڑی کوٹھیوں اورہوٹلوں کے ہالوں میں شراب و ڈانس پارٹیاں منعقد کی جاتی ہیں جبکہ ہوٹلوں کے سویٹ رومز میں بھی منی پارٹیوں کا انقاد کیا جاتا ہے۔نئے سال کے موقع پر یہ پارٹیاں اتنازور پکڑ جاتی ہیں کہ مکروہ دھندے سے پیسہ کمانے کے لئے ایونٹ مینجمنٹ کے نام پر ان پارٹیوں کے انتظامات کے لئے درجنوں آر گنائزر بھی میدان میں آ گئے ہیں۔ جوپیسے لے کر پارٹیوں میں ہر قسم کی منشیات،شراب اور شباب سمیت سب اہتمام خود کرتے ہیں ۔نئے سال کے موقع پر ان آرگنائزرز نے فارم ہاﺅسز،کلبوں،ہوٹلوں اورپوش علاقوں میں بڑی کوٹھیوں میں شراب و ڈانس پارٹیوں کے انتظامات کے لئے باقاعدہ مارکیٹنگ اور بکنگ شروع کر دی۔