اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے عدالت میں ثبوت نہ ہونے کی بات تسلیم کر کے خود کو الزام خان ثابت کر دیا لیکن جھوٹ بولنے سے باز نہیں آتے۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف پر منی لانڈرنگ ، ٹیکس چوری اور فراڈ کے الزامات لگائے لیکن عدالت عظمیٰ میں تسلیم کر لیا کہ ان الزامات کو ثابت کرنے کے لئے ہمارے پاس کوئی ثبوت نہیں ۔ عمران خان کے روےے اور سیاست سے واضح ہو گیا کہ وہ الزام خان ہیں جو قوم اور عدالت کا وقت ضائع کر کے اپنی خواہشات کی تسکین چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام کے سامنے جھوٹے ثابت ہو گئے، سب کے سامنے سچ آ گیا کہ وہ نواز شریف کی بے عزتی اور تحقیر کر کے چور دروازے سے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں لیکن عدالت میں ان کے بیان نے خود ثابت کر دیا کہ وہ صرف اپنی خواہشات کی تسکین چاہتے ہیں۔ مسلم لیگ کے رہنما دانیال عزیز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی بات میں تضاد ہے ۔ عمران خان جذبات میں آکر خود پیش ہوئے لیکن ثابت ہو گیا کہ ان کے پاس ثبوت نہیں بلک جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ کر رہے ہیں۔