سڈنی(ویب ڈیسک ) تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلیا کے 538 رنز کے جواب میں پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا اور امپائرز نے میچ کو 68 اوورز تک محدود کردیا۔ پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور قومی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 بنا لئے ہیں۔ یونس خان 75 اور اظہر علی 68 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔گزشتہ روز آسٹریلیا کے 538 رنز کے جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو ڈیبیو کرنے والے شرجیل خان 4 رنز پر ہیزل ووڈ کا شکار بن گئے، 6 کے ہی مجموعی اسکور پر بابر اعظم بغیر کھاتہ کھولے ہیزل ووڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، جس کے بعد اظہر علی اور یونس خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور حریف بولرز کے خلاف کھل کر شاٹس کھیلیں، اظہر علی 58 اور یونس خان 64 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیںِ۔ جوش ہیزل ووڈ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا لئے تھے۔ دونوں وکٹیں جوش ہیزل ووڈ نے حاصل کیں۔اس سے قبل آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 538 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی۔ آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے 113، میٹ رینشا 184 اور پیٹر ہینڈس کومب نے 110 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 3، عمران خان اور اظہر علی نے 2، 2 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔