لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) جناح ہسپتال میں مریضہ کو بستر میسر نہ آنے اور فرش پر ہلاکت کے معاملے پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو معطل کر دیا گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے انکوائری کے لئے بنائی گئی ٹیم کی رپورٹ پر دونوں صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کو بھی طلب کرلیا ۔ بتایا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس وزیراعلی ہاﺅس میں ہوا، اجلاس میں جناح ہسپتال میں فرش پر مریضہ کی ہلاکت کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔ تین رکنی انکوائری کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ میں ایم ایس جناح ہسپتال ظفریوسف اور ڈیوٹی پر مامور اسٹاف کو غفلت کا مرتکب ٹھہرایا ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جا ری کر دیئے۔جبکہ معاملے کی انکوائری کے لئے بنائی گئی ٹیم کی رپورٹ پر دونوں صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کو بھی طلب کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مریضوں کو فرش پر لٹانا بدترین غفلت ہے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایم ایس کی ذمہ داری ہے کہ مریضوں کے لئے انتظامات فراہم کرے۔ اس کے علاوہ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ اس وقت موجود جن ڈاکٹروں نے اپنی ذمہ داری میں غفلت کا مظاہرہ کیا ان کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔