اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی، سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹوکا89واں یوم پیدائش آج جمعرات کو منایا جائے گا۔ اس سلسلے میںملک بھر میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام سالگرہ کے سلسلے میں تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں کیک کاٹے جائیں گے جبکہ پیپلز پارٹی کے وفاقی و صوبائی قائدین اورمقامی رہنما ذوالفقار علی بھٹو کی ملک و قوم کیلئے پیش کی گئی خدمات کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ پارٹی چیئرمین کی سالگرہ کے سلسلے میں پاکستان کے علاوہ بیرون ملک بھی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا ۔ پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو 5جنوری 1928ءکو سندھ کے شہر لاڑکانہ میں پیدا ہوئے وہ پاکستان کے وزیر خارجہ ،وزیر اعظم اور صدر رہ چکے ہیں انہوں نے پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی ذوالفقار علی بھٹو وہ واحد سیاسی رہنما تھے جنہوں نے سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر غریب کے گھروں تک پہنچا دیا اس لیے انہیں قائد عوام اور فخر ایشیاءکے خطاب عطاءہوئے انہیں ملک کا پہلا اور واحد سول مارشل لاءایڈمنسٹریٹر ہونے کا اعزاز حاصل ہے وہ پاکستان کے تین اہم ترین عہدوں صدر ، وزیر اعظم اور سول مارشل لا ءایڈمنسٹریٹر رہنے والے ملک کے واحد سیاستدن تھے۔ذوالفقار علی بھٹوپاکستان کے ایٹمی پروگرام کے بانی تھے ملک کو متفقہ آئین،قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دینا ان کے اہم کارنامے ہیں۔بھٹوکے والد سر شاہ نواز بھٹو ریاست جونا گڑھ کے وزیر اعظم ،خود بھٹو ان کی بیٹی بے نظیر بھٹوپاکستان کے وزیر اعظم ان کے داماد آصف زرداری ملک کے صدر رہ چکے ہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو پاکستانی تاریخ کے واحد وزیر اعظم ہیں جنہیں عدالتی حکم پر 4اپریل 1979ئ کو پھانسی کی سزا دی گئی۔