لاہور(خصوصی رپورٹ)سرکاری ہسپتالوں میں ایم ایس کے عہدے پرڈاکٹرزکوتعینات نہ کرنے کافیصلہ کرتے ہوئے مینجمنٹ کیڈرکے افسر کومیڈیکل سپرنٹنڈنٹ لگایاجائیگاتاکہ ہسپتالوں کے انتظامی معاملات کوبہتربنایاجاسکے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی سالوں سے ہسپتالوں کی مینجمنٹ خراب تر ہوتی جارہی ہے اور مکمل علاج کروانے والا مریض بھی ہسپتال اور محکمہ صحت پنجاب سے مطمئن نہیں ہو پارہا ۔اس حوالے سے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب نجم شاہ تدریسی ہسپتالوں میں گاہے بگاہے اپنے عملے کو خفیہ سروے کیلئے بھیجتے ہیں اور ہسپتالوں کی صورتحال سے آگاہ رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایم ایس ڈاکٹرز کی بڑی تعداد علاج معالجہ میں کوتاہی برتنے والے ڈاکٹرز کو نظر انداز کردیتی ہے ، ایم ایس ڈاکٹرز، آٹ ڈورز، ایمرجنسی، وارڈز اور دیگر معاملات میں کوتاہی برتنے والے ڈاکٹرز کو تاحال سزا دینے سے قاصر رہے ہیں اور ہسپتالوں کی سطح پر بنائی جانے والی انکوائری کمیٹیاں ریکارڈ کے مطابق اپنے ڈاکٹرز کے خلاف کسی قسم کا فیصلہ نہیں دے سکی ہیں، ایم ایس ڈاکٹرز، نرسنگ، ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی ایسوسی ایشنز سے بلیک میل ہوکر امتیازی سلوک برتتے ہیں اور ان کی ہڑتال کے خوف سے غیر قانونی اقدامات بھی کررہے ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب کو تمام صورتحال پر بر یفنگ دینے کے بعد ہسپتالوں میں ڈاکٹرز ایم ایس کو ختم کرکے مینجمنٹ کیڈرکے افسر کو لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پہلے مرحلے میں چند ہسپتالوں سے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا جارہا ہے ۔