کراچی (شوبز ڈیسک) اداکارہ و ماڈل آمنہ شیخ نے کہا ہے کہ ملکی سطح پر فیشن و بیوٹی پراڈکٹس کا عملی طور پر شوبز انڈسٹری میں سرگرم ہونا خوش آئند امر ہے ، مس ویٹ پاکستان اور فیشن شوز کے ذریعے پاکستان کاروشن خیال امیج دنیا بھر میں اجاگر کرنے میں مدد ملی ہے۔ ہم پرامن لوگ ہیں ، خواتین کے حوالے سے بھی ہمیں قدامت پسند قوم کے طور پر پیش کیا جاتا ہے جو کسی طور پر درست نہیں۔ سپرماڈل ویٹ پاکستان کے بجائے مس ویٹ پاکستان کا مقابلہ جیتنے والی لڑکی ایک پڑھی لکھی اور سماجی کام کرنیوالی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب شو کی ریکارڈنگ کے مو قع پر نمائندہ دنیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کاکہنا تھا کہ ماڈل اب سماجی و فلاحی کام کریں گی۔ ایک نیا عزم لیکر منتخب لڑکیاں دنیا کے سامنے آئیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ذاتی طور پر ڈراموں اور فلموں سے دور ہونا یکسانیت سے بچنے کی بنا پر کیا ہے۔کچھ نیا کرنے کی خواہشمند ہوں۔ مجھ پر صرف پروگرامز کی جج کالیبل لگا نا درست نہیں ہوگا۔ ڈرامہ سیریل پاکیزہ بھی کیا لیکن اب کم و معیاری کام کو ترجیح دے رہی ہوں۔