تازہ تر ین

رجب طیب اردوان گورنمنٹ آف پنجاب, وزیراعلیٰ کا اہم اعلان

لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اور صدر مملکت ممنون حسین کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ساڑھے تین برس کے دوران عوام کی خدمت کے ریکارڈ قائم کئے ہیں اور عوام کو معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہر شعبہ میں میرٹ کو فروغ دیا ہے جبکہ شفافیت اور تیز رفتاری سے منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا گیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور پاکستان میں صرف ترقی اور خوشحالی کی سیاست کی جگہ ہے۔ یہ وقت اتحاد اور اتفاق کا ہے۔ انتشار یا احتجاج کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہو ںنے کہا کہ چین نے پاکستان کے ساتھ اپنی مخلصانہ دوستی کا بھرپور حق ادا کیا ہے اور پورے پاکستان میں سی پیک کے تحت منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ چین نے پاکستان کا ایک بار پھر ہاتھ تھام کر عظیم دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کا براہ راست تعلق سیاسی استحکام سے ہے۔ بعض رکاوٹوں کے باوجود حکومت نے معیشت کو صحیح سمت پر ڈال دیا ہے اور معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2017 عوامی وعدوں اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا سال ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف صوبے کے عوام کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہور سمیت پنجاب کو ترقی یافتہ صوبہ بنانے کیلئے قابل قدر اقدامات کئے ہیں۔وزیراعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب کی ترقی دیگر صوبوں کیلئے قابل تقلید ہے۔ قبل ازیں صدر مملکت ممنون حسین لاہور پہنچے تو وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے رجب طیب اردوان گورنمنٹ آف پنجاب ہسپتال مظفرگڑھ کی توسیع کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا اور ہسپتال میں فیملی میڈیسن کلینک کاافتتاح کیا۔ توسیع کے بعد ہسپتال میں مجموعی طور پر 400 بستروں کا اضافہ ہوگا جس سے ہسپتال 500 بستروں پر مشتمل ہو جائے گا اور اس منصوبے پر 9 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی ، ہسپتال کی توسیع کیلئے 113 ایکڑ اراضی حاصل کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے رجب طیب اردوان گورنمنٹ آف پنجاب ہسپتال مظفرگڑھ کے 500 بستروں کے توسیعی منصوبے کے پہلے مرحلے میںآج 250 بستروں کے اضافے کا سنگ بنیاد رکھا اور یہ توسیعی منصوبہ رواں برس کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے رجب طیب اردوان گورنمنٹ آف پنجاب ہسپتال مظفرگڑھ کا دورہ بھی کیا اور یہاں طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ ہسپتال کے مختلف شعبوںمیں گئے اور مریضوں کی عیادت کی ۔وزیراعلیٰ نے مریضوں سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور طبی سہولتوں کی فراہمی کے بارے پوچھا۔ وزیر اعلی نے ہسپتال میں شاندار طبی سہولتوں کی فراہمی پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کوعلاج معالجے کی جدید سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں اور یہاں جدید مشینری کے ذریعے علاج معالجہ دیکھ کر دل خوش ہو گیا ہے۔ صوبے کے ہر ہسپتال میں ایسی ہی جدید مشینری مہیا کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔ڈاکٹر درد دل سے کام لیں تو مریض کا آدھا درد دور ہو جاتا ہے۔ اس ہسپتال میں جدید مشینری نصب ہے جبکہ تربیت یافتہ ڈاکٹر اور عملے کو تعینات کیا گیا ہے جو دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔ہسپتال کی توسیع سے جنوبی پنجاب کے لوگوں کے صحت کے مسائل حل ہوں گے اور مجھے خوشی ہے کہ اس ہسپتال میں انتہائی کم عرصے میںاپنا نام پیدا کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نہ صرف جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع سے بلکہ بلوچستان سے بھی مریض علاج معالجے کیلئے اس ہسپتال میں آتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان سے جب بھی ملا انہوں نے پاکستان اور پنجاب کے عوام کیلئے بے پناہ محبت کا اظہار کیا ہے اور اس ہسپتال کی تعمیر کیلئے بھی ان کا تعاون لائق تحسین ہے۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں صحت کے شعبے کو خوب سے خوب تر بنائیں گے اور میرا اپنے عوام سے وعدہ ہے کہ انہیں صحت کے مسائل سے نجات دلا کر دم لوں گا۔شعبہ صحت میں تبدیلیو ںکیلئے اصلاحات مکمل کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھوں گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ فراہم کئے جانے والے وسائل کی پائی پائی عوام پر صرف ہو۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف آج تحصیل کوٹ ادو کے گاﺅںدائرہ دین پناہ میں صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات ملک احمد یار ہنجرا کی رہائش گاہ پر گئے۔ وزیر اعلیٰ نے صوبائی وزیرملک احمد یار ہنجرا سے ان کے والدسابق پارلیمنٹیرین ملک اجمل یار ہنجرا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے صوبائی وزیرملک احمد یار ہنجرا اور دیگر اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف آج لیہ میں صوبائی وزیر برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ مہر اعجاز احمد اچلانہ کی رہائشگاہ لنگر اچلانہ گئے۔ وزیر اعلیٰ نے صوبائی وزیر مہر اعجاز احمد اچلانہ سے ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain