لاہور ( ویب ڈیسک ) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح نے کہا ہے کہ دورہ آسٹریلیا میں ناکامی پر جواز نہیں تراش رہے ، وسیم اکرم سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ، ننانوے کی ٹیم میں شامل کھلاڑی لیجنڈز تھے۔ اپنے ٹویٹر پیغام میں مصباح الحق کا کہنا تھا کہ وہ دورہ آسٹریلیامیں ناکامی پر جواز نہیں تراش رہے۔ سڈنی ٹیسٹ کے اختتام پر صحافی نے سوال کیا کہ کیا یہ پاکستان کی بہترین ٹیم ہے ، ان کا جواب تھا کی نوے کی دہائی کی وسیم اکرم کی ٹیم بہترین تھی اور اسے بھی کلین سویپ ہوگئی تھی۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد کسی کی تضحیک نہیں تھا ، ننانوے کی ٹیم میں شامل کھلاڑی لیجنڈز تھے ، انہیں وسیم اکرم کے ساتھ کھیلنے اور بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ، شاہینوں کی کینگروز کے دیس میں ناکامیوں کا سلسلہ انیس سو ننانوے سے شروع ہوا۔ ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کے بعد وسیم اکرم کو قیادت سے ہاتھ دھونا پڑے ، سینئر بیٹسمین اعجاز احمد انیس سو ننانوے کے پرتھ ٹیسٹ میں سنچری بنانے کے باوجود پاکستان کی دوبارہ نمائندگی نہ کرسکے۔