سڈنی (اے پی پی) پولینڈ کی آگنیسکا راڈوانسکا ،کینیڈا کی ایوجنے بوچارڈ اور آسٹریلیا کی جوہانا کونٹا اپنی فتوحات کو برقرار رکھتے ہوئے سڈنی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں جبکہ ایونٹ کی ٹاپ ٹنتتھ سیڈڈ ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔ آسٹریلیا میں شروع ہونے والے ایونٹ میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز کے کوارٹر فائنل راﺅنڈ میں پولینڈ کی آگنیسکا راڈوانسکا نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے چین کی ینگ ینگ ڈوانڈ کو سٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-2 سے ہرا کر ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، کینیڈا کی ایوجنے بوچارڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روس کی اناستاسیا پاﺅلیچنکوا کو سٹریٹ سیٹس میں 6-2 اور6-3 سے ہرا کر ایونٹ کے ٹاپ فور کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ آسٹریلیا کی جوہانا کونٹا نے سخت مقابلے کے بعد ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی کو 7-5، 6-7(6-8) اور 6-4 سے شکست دیکر ایونٹ سے باہر کردیا۔