اسلام آباد (اے پی پی) سابق عظیم بلے باز جاوید میانداد نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو 2019ءورلڈکپ کوالیفائر سے بچنے کیلئے کینگروز کے خلاف شیڈول ون ڈے سیریز میں پوری طاقت کے ساتھ کھیلنا ہو گا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے (آج) جمعہ کو کھیلا جائے گا، موجودہ رینکنگ کے تحت آسٹریلوی ٹیم سرفہرست ہے جبکہ پاکستان کا آٹھواں نمبر ہے، گرین شرٹس کے پاس کینگروز کو سیریز میں ہرا کر بنگلہ دیش سے ساتویں پوزیشن چھیننے کا موقع ہے، آٹھویں پوزیشن کو برقرار رکھنے کیلئے گرین شرٹس کو کم از کم ایک میچ لازمی جیتنا ہو گا۔ جمعرات کو اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز ہارنے کی وجہ سے قومی ٹیم کا مورال اور اعتماد کم ہوا ہے، کینگروز کے خلاف ون ڈے سیریز آسان نہیں ہو گی اور سیریز میں کامیابی کیلئے ہر کھلاڑی کو کھیل کے تینوں شعبوں میں پوری طاقت کے ساتھ پرفارمنس دکھانا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کینگروز کو ہرانے کیلئے کسی ایک کھلاڑی پر انحصار نہیں کر سکتے فتوحات سمیٹنے کیلئے کھلاڑیوں کو اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہو گی، ٹیم میں تکنیکس، مستقل مزاجی کی کمی ہے اگر ان خامیوں کو دور کر لیا جائے تو ہماری ٹیم کینگروز کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔