دبئی (اے پی پی) پاکستان انڈر 16 نے دوسرے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا انڈر 16 کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، گرین شرٹس نے 109 رنز کا ہدف 17 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، زید خان نے 44 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز آئی سی سی گلوبل کرکٹ اکیڈمی، دبئی میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا انڈر 16 پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.5 اوورز میں 108 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی، زین کیہران 47 اور کانر سمتھ 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ نسیم شاہ اور محمد طحٰہ نے تین تین جبکہ آریش علی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پاکستان انڈر 16 نے ہدف 16.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔، زید خان نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 44 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، کانر سلی نے تین وکٹیں حاصل کی۔پاکستان اور آسٹریلیا انڈر 16 کے مابین تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ (کل) بدھ کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان جونیئر کو تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، پہلے میچ میں پاکستان نے 29 رنز اور دوسرے میں 6 وکٹوں سے فتح حاصل کی۔ واضح رہے کہ قومی انڈر 16 اس سے قبل جونیئر کینگروز کو ون ڈے سیریز میں 2-1 سے شکست دے چکی ہے۔