میلبورن (اے پی پی) جمہوریہ چیک کی کارولینا پالیسکوا، روس کی ایلینا ویسنینا اور فرانس کی علیز کارنٹ فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز کے دوسرے راﺅنڈ میں پہنچ گئیں۔ جبکہ سپین کی سارا سوریبس ٹورمو، رومانیہ کی انا بوڈن اور فرانس کی مائرٹلی گورجز میگا ایونٹ کے پہلے راﺅنڈ میں ہی ہار کر باہر ہوگئیں۔آسٹریلیا میں شروع ہونے والے سال کے پہلے گرینڈ سلام ایونٹ میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز کے پہلے راﺅنڈ میںروس کی ایلینا ویسنینا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رومانیہ کی انا بوڈن کو سٹریٹ سیٹس میں 7-5 اور6-2 سے ہرا کر ایونٹ کے دوسرے راﺅنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ جمہوریہ چیک کی کارولینا پالیسکوا نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ہسپانوی سارا سوریبس ٹورمو کو سٹریٹ سیٹس میں 6-2 اور 6-0 سے ہرا کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کردیا۔ انگلینڈ کی ہیتھر واٹسن نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی سمانتھا سٹوسر کو 6-3، 3-6 اور 6-0 سے اپ سیٹ شکست دیکر ایونٹ سے باہر کردیا۔ پہلے راﺅنڈ کے دیگر میچوں میں روس کی اینا بلینکوا، لگسمبرگ کی مانڈے منیلا، امریکا کی جینیفر براڈےا اور انگلینڈ کی ماریا ساکاری نے کامیابی حاصل کرلی۔