لاہور (خصوصی رپورٹ) سروسز ہسپتال میں وینٹی لیٹر نہ ملنے سے 40سالہ خاتون جاں بحق ہو گئی۔ لواحقین نے ہسپتال کے باہر شدید احتجاج کیا۔ ذرائع کے مطابق مغلپورہ کی رہائشی 40سالہ حنیفہ بی بی کو گزشتہ روزبیمار ہونے پرتشویشناک حالت میں ہسپتال لے جایا گیا۔ وہ 5گھنٹے تک وینٹی لیٹر پر جانے کا انتظار کرتی رہی لیکن کوئی بھی وینٹی لیٹر میسر نہ ہونے کی وجہ سے وہ تڑپ تڑپ کر جاں بحق ہو گئی ۔متوفیہ کے لواحقین کے مطابق ڈاکٹروں کو انہوں نے کئی بار وینٹی لیٹر فراہم کرنے کا کہا لیکن ڈاکٹروں نے بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مریضہ کو وینٹی لیٹر فراہم نہ کیا اور انہیں کسی اور ہسپتال میں جانے کا کہتے رہے ۔متوفیہ کے جاں بحق ہونے پر اہل خانہ نے اس کی لاش کو ہسپتال کے گیٹ پر رکھ کر شدید احتجاج کیا اور ہسپتال انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر انہیں کہتے رہے کہ روزانہ کئی افراد یہاں مرتے ہیں آپ اپنے مریض کو لے جائیں ہمارے پاس وینٹی لیٹرز موجود نہیں ہیں ۔مظاہرے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے مذاکرات کے بعد مظاہرین کو پر امن طور پر منتشر کر دیا۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ہسپتال میں وینٹی لیٹرز کی کمی ہے ۔ایک مریض کا وینٹی لیٹر اتار کر دوسرے کو نہیں لگایا جا سکتا۔