تازہ تر ین

سیاسی پارہ اچانک چڑھ گیا …. دھماکہ خیز تقاریر

گوجرانوالہ (خصوصی رپورٹ)گوجرانوالہ میں مسلم لیگ (ن) کا ورکرز کنونشن مقامی میرج ہال میں منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق‘ وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب‘ مرکزی رہنما حنیف عباسی‘ سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان‘ ممبران قومی و صوبائی اسمبلی محمود بشیر ورک، عثمان ابراہیم، میاں طارق، شازیہ سہیل میر توفیق بٹ، عمران خالد بٹ، عبدالرﺅف مغل، میئر گوجرانوالہ شیخ ثروت اکرام، ڈپٹی میئر سلمان خالد پومی بٹ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ وفاقی وزیر ریلو ے خواجہ سعد رفیق نے اپنے خطاب میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور پیپلز پا رٹی کی قیادت کو آڑے ہا تھوں لیا۔ انہوں نے کہا سپریم کو رٹ میں عمران خان کی تلا شی قریب ہے انہیں بھی حساب دینا ہوگا، عدالتیں جھو ٹے الزامات لگا نے اور ان کے ثبوت نہ دینے والوں کو انصا ف نہیں دیتیں، دو سے تین سو لوگ اکٹھے کرکے میاں نوازشریف کو ڈس کوالیفائی کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ میاں نوازشریف کی جانب آنکھ اٹھا کر دیکھنے والے جھو ٹے کو عوام نہیں چھو ڑیں گے۔ مشرف کے 8 سال ستیاناس اور بلاول کے بابا کے 5سال سوا ستیاناس تھے۔ پارلیمنٹ میں نہ آکر تنخواہیں بٹورنے والے خود کو صا دق اور امین کہتے ہیں۔ 62 اور 63 کی بات ہوئی تو عمران خان اور انکی سٹپنی شیخ رشید بھی نہیں بچے گا۔ وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا عمران خان اداروں کو دباﺅ میں لانے کی کوشش کرتے ہیں، عدالتوں سے کیا فیصلہ آئیگا اس کا تو ججز کو پتہ ہے عمران خان کی مر ضی کا فیصلہ نہ آیا تو وہ باہر گند ڈالیں گے۔ مقررین نے کہا بلاول زرداری بھٹو پنجاب میں ہمارے خلا ف جلسے کر رہے ہیں اس میں ہمارا ہی فائدہ ہوگا اور جلد ہم سندھ میں دستک دینے والے ہیں۔ حنیف عباسی نے کہا کہ ہماری پارٹی کو موٹو گینگ کہنے والے خود لمبو گینگ ہیں۔ مسلم لیگ میں کوئی بادشاہت نہیں یہ پیپلز پارٹی نہیں کہ28 سال کا لڑکا 68 سال والوں کی قیادت کرے اور نہ ہی بنی گالہ کا دربار اور سیاسی آوارہ گردوں کا مجمع ہے، جس کی کو ئی سمت نہیں۔ ورکر کنونشن میں لیگی متوالے بھنگڑے ڈالتے اور پرجوش انداز میں نعرے لگاتے رہے تاہم ورکروں کی جا نب سے ہلڑ بازی کے باعث تقریب شدید بد نظمی کا شکار رہی۔ وزیر آباد سے مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے شو کت منظور چیمہ کے خطاب کے دوران کارکنوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی پر پی ٹی آئی کو سپورٹ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ہلہ گلہ شروع کردیا جس کے باعث ایم پی اے شوکت منظور چیمہ کو خطا ب چھو ڑنا پڑا۔ وفاقی وزیر ریلوے کے خطاب کے دوران ہی کا رکن واپس جانا شروع ہوگئے۔ ورکرز کنونشن میں مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے عمران خالد بٹ نے ایک قرارداد پیش کی کہ ملک سے دہشت گردی کے خا تمہ، خوشحا لی اور امن کے قیام پر میاں نوازشریف کو خراح تحسین پیش کر تے ہیں جبکہ وزیراعظم میاں نوازشریف، میاں شہباز شریف کیخلاف ہو نیوالی ہر سازش کی مزمت کر تے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے ورکر اپنے قائدین کے ساتھ ہیں، کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ یہ قرار داد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔ نیٹ نیوز کے مطابق سعد رفیق نے کہا ہم سے پہلے کراچی مقتل بنا ہوا تھا، سندھ میں ڈاکو راج تھا، قاتل کو مقتول اور مقتول کو قاتل کا پتہ نہیں تھا، بلاول کے بابا کے 5 سال ستیاناس کے سال تھے، مشرف کے 8 سال تباہی کے سال تھے۔ انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا لمبو خان کیا تمہیں شرم آتی ہے، ہم آپ کو لمبو گینگ نہیں کہیں گے کہ لوگوں کا تمسخر اڑانا عمران خان کو زیب دیتا ہے، آپ فارغ ہونے والے ہیں،کہتے ہیں دربار لگا ہوا ہے، خان صاحب ہماری جماعت میں کوئی بادشاہت نہیں۔ خان صاحب مریم ہماری چھوٹی بہن ہیں، حمزہ ہمارے ساتھی ہیں، باس نہیں،یہ پیپلز پارٹی نہیں کہ 28 سال کا لڑکا 68 سال والوں کی قیادت کرے، یہ بنی گالا کا دربار نہیں ہے، ہمارے لیڈر نے ہمیں کبھی نام سے نہیں پکارا، شائستگی سے بات کرتے ہیں، ہمارے لیڈر نے کبھی کسی کو تو نہیں کہا اور عمران خان کو کبھی آپ کہنا سکھایا نہیں گیا۔ انہوں نے کہا گینگ ، گینگسٹر بنانا عمران کاکام ہے۔ سعد رفیق نے جماعت اسلامی سے گزارش کی امیر محترم آپ فیصلہ فرمائیے آپ کس کے ساتھ ہیں، دو کشتیوں کے سوار منزل پر نہیں پہنچتے۔ دونوں جھوٹے ایک دوسرے کو گالیاں دیتے تھے اب اکٹھے ہو گئے ہیں۔ سراج الحق صاحب آپ فیصلہ کر لیں آپ نے اپنی جماعت کو کدھر لے کر جانا ہے۔ خواجہ سعدرفیق نے کہا عمران خان گینگ بنانا، لوگوں کا تمسخر اڑانا آپ کو ہی زیب دیتا ہے، پچھلی حکومت نے کوئی کام نہیں کیا، لٹو تے پھٹو کی پالیسی تھی، ہمارا فیصلہ تھا ڈنڈے اور سوٹے سے زرداری کی حکومت کو نہیں بھگائیں گے۔ جو ہمیں چبانے کی کوشش کرے گا اس کے دانت ٹوٹ جائیں گے، عمران خان آپ کا کام الزامات لگانا ہے ہم عوام کی خدمت کرتے ہیں۔ حنیف عباسی نے کہا گوجرانوالہ کے عوام مسلم لیگ (ن) سے محبت کرتے ہیں، عمران خان ذلت، رسوائی،آپ کا مقدر بنے گی، عمران خان صاحب گالیوں اور الزامات کی سیاست کو چھوڑ دیں۔ ہم بتائیں گے بنی گالہ کا گھر کہاں سے آیا۔ سعد رفیق نے کہا بلاول زرداری بھٹو کیسے بن گئے،کرپشن کے سردارکرپشن کیخلاف کس منہ سے الزامات لگاتے ہیں، پاکستان میں اقتدار کانٹوں کی سیج ہے پھولوں کی مالا نہیں، پاکستان کنگال کر کے ہمارے حوالے کیا گیا مگر آج ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ 2013 ءمیں 14، 14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی۔ کراچی میں ایک دن میں 200 لوگ قتل کر دیئے جاتے تھے اور خیبر پی کے میں طالبان نے اندھیرنگری مچا رکھی تھی جبکہ بلوچستان میں آگ اور سندھ میں ڈا کوراج تھا ان حالات میں میرے اور آپکے قائد نواز شریف نے اس ملک کو سنبھالا اور پھر سے ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ نندی پور کی مشینری پیپلز پارٹی دور میں سڑتی رہی ان کے دور اقتدار میں لوٹو اور پھوٹو کی پالیسی تھی۔پیپلز پارٹی کے دور میں کرپشن کے ریکارڈ قائم ہوئے، ہمیں تو اس بات کی سمجھ نہیں آتی کہ ایک زرداری بھٹو کیسے بن سکتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) عزت والوں کی جماعت ہے، سیاسی آوارہ گردوں کا مجمع نہیں ہم تو حساب دینے کیلئے تیار ہیں تیرا کیا بنے گا کالیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہماری قیادت کا دامن بے داغ ہے۔ انشا اللہ عدالتوں سے بھی سرخرو ہونگے عمران خان الزامات کے سوا کوئی کام کرنے کے قابل نہیں مریم نواز اور حمزہ نواز سے خوفزدہ ہونے والے 2018ءکے الیکشن کی تیاری کریں۔وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے کے بعد مخالفین سے بھی نمٹ لیں گے۔ عمران خان پیسے کا حساب نہیںدے رہے‘ الیکشن کمیشن میں ان کی تلاشی شروع ہوئی ہے مگر تلاشی اور ثبوت نہیں دے رہے بلکہ جیبوں میں ہاتھ ڈالے ہوئے ہیں کہ کوئی تلاشی نہ لے لے۔ سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک بات ضرور کہوں گا کہ سڑک کے اس پار الیکشن کمیشن ہے جہاں عمران خان کو منی ٹریل کے ثبوت نہ دینے پر توہین عدالت کانوٹس جاری ہو چکا ہے‘ چھ تاریخیں ہو گئیں لیکن ابھی تک عمران خان نے کوئی جواب نہیں دیا۔ یہاں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا تحریک انصاف کے پاس صرف مفروضے اور اخباری تراشے ہیں۔تین ہفتے ہوگئے نوازشریف کے خلاف عدالت میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیاگیا۔ عمران خان اب بھاگیں نہ بلکہ حقائق کا سامناکریں۔وہ حکم امتناع کے پیچھے چھپ کر عدالت کا وقت ضائع کر رہے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا عمران خان نے چوری کی ہے‘ اب تلاشی بھی دینا ہوگی۔ عمران خان نے اداروں کی تضحیک اور گالم گلوچ کا کلچر متعارف کرایا۔ عمران خان اداروں پر دباﺅ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ادھر نیٹ نیوز کے مطابق دانیال عزیز نے کہا عمران خان کی سیاست اور زبان نے صرف گالی گلوچ کا کلچر پروان چڑھایا۔ عمران خان کو احتساب کے لیے پکڑ کر لائیں گے۔ وزیراعظم کے مشیر امیر مقام نے کہا ہے ایک دن آئے گا جب عمران خان کہیں گے نواز شریف ٹھیک ہیں،عمران خان نے عوام کو کے پی کے میں پرویز خٹک کی تبدیلی دی ہے۔ کے پی کے میں سرکاری ملازمین کے پنشن اکاﺅنٹس خالی کر کے کہا جا رہا ہے قرض نہیں لیا۔کے پی کے کا بچہ بچہ کہہ رہا ہے عمران خان کی بات نہ کرو سچی بات کرو۔پشاور،اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) تحریک انصاف خیبر پی کے کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق قومی مجرم ریلوے کو تباہ کر دیا ہے، عمران خان فوبیا کے شکار مسلم لیگی وزرا مسخرے اور سعد رفیق بڑا جوکر ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے سعد رفیق کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے یہ کہا۔ملک بھر میں ریلوے کے حادثات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے درجنوں لوگ زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ انہوں نے کہا عمران خان فوبیا نے لیگی وزرا کو پاگل کر دیا ہے، وفاقی وزرا کے پاس کرنے کو کچھ نہیں ہے (ن) لیگ کے وزرا تقریروں اور ٹاک شو میں بونگیاں مارتے ہیں، وزرا مسخرے بنے ہوئے ہیں اور سعد رفیق بڑا جوکر ہے پانامہ لیکس پر مسلم لیگی گھبرا گئے ہیں اس لیے جو منہ میں آئے بولتے ہیں۔دریں اثناءصوبائی مشیر اطلاعات مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ خواجہ سعد رفیق پہلے جا کر پھاٹک بنوائیں پھر بات کریں اور پھر دوسروں پر تنقید کریں، گوجرہ ریلوے حادثے کے لواحقین کے ورثا انصاف کے لیے ترس رہے ہیں۔ ایک بیان میں مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ریلوے کراسنگ پر پھاٹک نہ ہونے کی وجہ سے اتنا بڑا حادثہ رونما ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کی وجہ سے خواجہ سعد رفیق سمیت کئی وزرا کی نوکریاں داﺅ پر لگی ہو ئی ہیں،مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ سی پیک سمیت بہت سارے بڑے اہم منصوبے پیپلز پارٹی نے اپنے گزشتہ دور حکومت میں میں دیئے،نواز لیگ پہلے اتفاق فاﺅنڈری اب پاناما لیکس میں الجھ کر رہ گئی ہے،انہوں نے مزید کہا کہ سندھ پر انگلی اٹھانے والو ں آپ کے پنجاب میں بہتر حکمرانی کے دعوے جھوٹے ثابت ہو چکے ہیں،وفاقی حکومت اور پنجاب کے حکمرانوں کے خوشحالی کے سارے نام نہاد منصوبے ناکام ہو چکے ہیں۔انہوں نے خواجہ سعد رفیق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ تو بتائیں کہ چار سال میں ریلوے میں کونسا انقلاب لائے ہیں؟ لوگ آج بھی گھنٹوں تک ریلوے اسٹیشنوں پر عذاب برداشت کر رہے ہیں۔مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پر بولنے سے آپ کا قد بڑانہیں ہو سکتا۔ بلاول بھٹو زرداری ایک عوامی لیڈر ہیں جوعوام کی امید نو بن چکے ہیں۔ علاوہ ازیںتحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے وزارت داخلہ سے منی لانڈرنگ کے الزام پر مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل)میں ڈالنے کا مطالبہ کر دیا جبکہ شریف فیملی پر واضح کیا گیا کہ ان کو لندن فلیٹس کی منی ٹریل دینا پڑے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پانامہ لیکس کے مقدمے کی سماعت میں وقفے کے دوران صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain