اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کا پانامہ لیکس سے کوئی تعلق نہیں‘ اخباری تراشوں اور کاغذ لہرانے والے 2018 میں بھی نواز شریف اور مریم نواز کا مقابلہ نہیں کرسکتے‘ قومی اسمبلی کا پلان عمران خان نے خود بنایا ‘ ‘پارلیمنٹ میں جو کچھ ہوا وہ پی ٹی آئی کی سپریم کورٹ سے بھاگنے کی تیاری ہے‘ پوری دنیا اسحاق ڈار کی صلاحیتوں کی معترف ہے تحریک انصاف اسحاق ڈار سے بھی ڈری ہوئی ہے‘تحریک انصاف نے جھوٹے الزامات تو لگا دیئے لیکن ثبوت نہ دے سکی‘ عمران خان جتنے مرضی منفی ہتھکنڈے استعمال کرلیں پاکستان آگے کی طرف جائیگا‘عمران خان کی ذہنی حالت ایک مسترد شدہ شخص کی ہے‘جھوٹی اور انتشاری سیاست دفن ہوگی،ملک نوازشریف کی قیادت میں آگے بڑھے گا۔ جمعہ کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگ زیب نے کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف کا پانام لیکس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو کیسز ختم ہوچکے ہیں عدالت میں ان کا بار بار حوالہ دیا جارہا ہے۔تحریک انصاف کو معلوم ہے کہ 2018 میں بھی وہ مریم نواز کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا اسحاق ڈار کی صلاحیتوں کی معترف ہے‘اسحاق ڈار وزیراعظم کے ویژن کے مطابق ملک کو معاشی قوت بنارہے ہیںاسحاق ڈار ماضی میں اس طرح کے احتسابات سے گزرچکے ہیں تحریک انصاف اسحاق ڈار سے بھی ڈری ہوئی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے کل پارلیمنٹ کے اندر حملہ کیا تحریک انصاف کے پارلیمنٹ میں ویڈیو شواہد موجود ہے ۔ شاہد خاقان عباسی شاہد محمود قریشی سے بات کرنے گئے تو ان پر حملہ کردیا گیا‘پارلیمنٹ میں جو کچھ ہوا وہ سپریم کورٹ سے بھاگنے کی تیاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت ایسا تھا جب عمران خان نے پارلیمنٹ پر باہر سے حملہ کیا۔ تحریک انصاف جھوٹے الزامات تو لگاسکی لیکن ثبوت نہ دے سکی۔ انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف عدالت میں اپنا،اپنے مرحوم والد اور بچوں کا بھی حساب دے رہے ہیں عمران خان جتنے مرضی منفی ہتھکنڈے استعمال کرلیں لیکن پاکستان آگے کی طرف جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان آپ کی ذہنی حالت ایک مسترد شدہ شخص کی ہے ‘عمران خان ایل این جی معاملہ پر الزامات نہ لگائیں،ثبوت لیکر آئیں عمران کو چیلنج ہے کہ حکومت کے 4سال میں کرپشن کا کوئی ایک ثبوت دیں‘عمران خان پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر تو حملے کرسکتے ہیں عمران خان محمد نوازشریف کی پرفارمنس کے حملوں کا مقابلہ کریں۔ جھوٹی اور انتشاری سیاست دفن ہوگی،ملک نوازشریف کی قیادت میں آگے بڑھے گا۔