سڈنی (اے پی پی) آسٹریلوی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز میتھیوویڈ رواں ہفتے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران چیپل ہیڈلی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے، ویڈ کو ریگولر کپتان سٹیون سمتھ کی جگہ یہ ذمہ داری دی گئی ہے جو کہ فٹنس مسائل کے باعث سیریز سے دستبردار ہو گئے ہیں۔، ویڈ ون ڈے ٹیم کی قیادت کرنے والے 24ویں آسٹریلوی قائد بن جائیں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سمتھ پاکستان کے خلاف آخری ون ڈے کے دوران ٹخنے کی انجری میں مبتلا ہوئے تھے اور ڈاکٹرز نے طبی معائنے کے بعد انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے اسلئے وہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز نہیں کھیلیں گی، ان کی عدم موجودگی میں میتھیوویڈ ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے جبکہ کوئنز لینڈ کے بلے باز سام ہیزلٹ کو سمتھ کی جگہ سکواڈ میں طلب کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 30 جنوری کو کھیلا جائے گا۔
