اسلام آباد (اے پی پی) گوہرعلی اور افتخار احمد کی ناقابل شکست سنچریوں کی بدولت پشاور نے قومی ریجنل ون ڈے کرکٹ کپ جیت لیا، پشاور نے فیصلہ کن معرکے میں کراچی وائٹس کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 124 رنز کے واضح مارجن سے شکست دےکر ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، کراچی کی ٹیم 321 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 197 رنز پر ڈھیر ہو گئی، انور علی کی ففٹی ناکافی ثابت ہوئی۔ گوہرعلی 145 اور افتخار احمد 131 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر مشترکہ طور پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں کھیلے گئے فائنل میں پشاور نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں پر 321 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا،گوہرعلی اور افتخار احمد نے ڈٹ کر حریف باﺅلرز کا مقابلہ کیا اور تیسری وکٹ میں 276 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔ جوڑ کر ٹیم کو مستحکم مجموعہ فراہم کیا، اسی دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی سنچریاں بھی مکمل کیں، گوہر علی 145 اور افتخار 131 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، مصدق احمد ایک اور اسراراللہ 29 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، انور علی اور تابش خان نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں کراچی وائٹس کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 40ویں اوور میں 197 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، انور علی کے سوا کراچی وائٹس کا کوئی بھی کھلاڑی پشاور کے باﺅلرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، انور علی 51 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان اکبرالرحمان 45، سعدعلی 29، محمدحسن 22، دانش عزیز 20، احسن علی 9، شاہ زیب حسن 2، طارق ہارون 8، اعظم حسین صفر اور تابش خان 4 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، افتخار احمد نے 3، ساجد خان اور تاج ولی نے دو، دو، عمران خان اور خالد عثمان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔
