لاہور(نیوزایجنسیاں)سابق کرکٹر رمیز راجہ نے کہاہے کہ ہر ٹیم کے کپتان کے پاس میچ جیتنے کیلئے حکمت عملی ہوتی ہے۔لیکن ہماری ٹیم کی بیٹنگ کا مسئلہ ہے جب تک بیٹنگ لائن ٹھیک نہیں ہوگی میچ جیتنے کا خواب ،خواب ہی رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ انضمام الحق اچھے کھلاڑی چننے کی صلاحیت رکھتے ہیںاور جہاں تک میں انہیں جانتا وہ اپنے بیان سے متعلق میڈیا پر کھل کر بات نہیں کر پارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم روتے رہتے ہیں کہ کپتان کو طاقتور بناو وہ جو جیسی ٹیم مانگتاہے اسے ویسی ٹیم دی جائے کیونکہ کپتان ہمیشہ اپنے ذہن میں تیار کی گئی حکمت عملی کے مطابق ٹیم مانگتا ہے۔مگر جب اس کے پاس مانگ کے مطابق کھلاڑی نہیں ہوتے تو حریف کی جانب سے دئیے گئے ہدف کو حاصل کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔رمیز راجہ نے آخر میں کہاکہ ہم لوگ میدان سے باہر بیٹھ کر میچ جیتنے پر ٹیم کو شاباش اور ہار جانے پر لعن طعن کرتے ہیں لیکن جو میدان میں موجود ہوتا ہے وہی حالات کا بہتر طریقے سے جائزہ لے سکتا ہے۔
