تازہ تر ین

عالمی ماہرین نے اورنج ٹرین کو محفوظ قرار دیا کرنل (ر) مبشر کی ضیا شاہد سے چینل ۵ کے مقبول پروگرام میں گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چینل ۵ کے تجزیوں اور تبصروں پر مشتمل پروگرام ”ضیا شاہد کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی اور تجزیہ کار ضیا شاہد نے کہا ہے ک ہ اورنج ٹرین کی تعمیر کے باعث سڑکوں کی حالت بہت خراب ہے جس کے باعث شہریوں کو دقت کا سامنا ہے۔ پنجاب حکومت کو کریڈٹ جاتا ہے کہ شہر میں صفائی کے حوالے سے ان کے اقدامات بہتر ہیں۔ عید قربان پر صفائی کا انتظام بہترین تھا جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ہے۔ کوئی شک نہیں ہے کہ نوازشریف بہت اچھے لیڈر ہیں۔ نواز شریف کو قائداعظم کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ شہباز شریف سے ایک بار ون ٹو ون ملاقات کی جو ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی اس میں جہاں ان کے اچھے کاموں کی تعریف کی وہاں انہیں خامیوں سے بھی آگاہ کیا۔ سینئر صحافی نے کہا کہ میں ترقیاتی کاموں کو روکنے کی کوشش کرنے والوں کی حمایت نہیں کرتا پوری قوم کو ملک، صوبوں اور شہروں کی بہتری کے لئے قربانی دینے کے لئے تیار رہنا چاہئے۔ جب بیراج بنتا ہے تو بہت سے گھر ڈوب جاتے ہیں لیکن جب بیراج تیار ہو جاتا ہے تو ہزاروں گھروں میں روشنی ہوتی ہے لاکھوں ایکڑ زمین سیراب ہوتی ہے۔ سینئر تجزیہ کار نے کہا کہ سڑکیں اور میٹروجیسے منصوبے اپنی جگہ عام آدمی کو آج بھی گیس پانی اور بجلی نہ ہونے کا رونا روتا نظر آتا ہے۔ تجاوزات لاہور کیلئے بہت بڑا درد سر بن چکی ہیں اپنے اور تمام صحافی دوستوں کی جانب سے میئر لاہوہر کرنل (ر) مبشر کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتا ہوں۔ لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں ن لیگ کا ورکر ہوں نوازشریف کو آئیڈیل مانتا ہوں جس کی وجہ یہ ہے کہ وہ اصل مسلم لیگ کو سامنے لائے اور اسے اپنے پاﺅں پر کھڑا کیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف ایک حقیقت ہیں وہ کچھ کرتے ہیں تبھی تو ان کو سب لوگ مانتے ہیں۔ 1997ءمیں ترقیاتی کام شروع ہوئے اس وقت لاہور کی سڑکیں کھڈوں کا منظر پیش کرتی تھیں، دیکھتے ہی دیکھتے جیل روڈ تیار ہوئی، مین بلیوارڈ، سرکولر روڈ بنی، گلی محلوں کی سڑکیں بہترین بنا دی گئیں۔ میں ن لیگ کے ورکر کے طور پر کام کرتا رہا اور آج ایک باعزت عہدے پر بیٹا ہوں۔ شہباز شریف کے نقش قدم پر چلتا ہوں اور چلتا رہوں گا کیونکہ اپنے لیڈر کے پیچھے نیک نیتی سے چلتے رہنے میں کامیابی ہے۔ میں شہباز شریف کی طرح بڑے بڑے منصوبے تو نہیں بنا سکتا البتہ ان کے بنائے منصوبوں اور بہتر حالت میں چالو رکھوں گا۔ لارڈ میئر نے کہا کہ ہم راستے کھلے رکھتے ہیں تو مخالف کبھی درختوں اور کبھی ورثہ کے نام پر رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں حالانکہ راستے کھلے کرنے کا اسلام میں واضح حکم ہے اورنج ٹریم منصوبہ کی راہ میں بھی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، ہم نے عالمی ماہرین کو بلوایا جنہوں نے تصدیق کی کہ ٹرین کی تھر تھراہٹ قدیم بلڈنگز تک نہیں پہنچے گی اس لئے نقصان کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ اورنج لائن منصوبہ مکمل ہو گیا تو تمام راستے ٹھیک ہو جائیں گے۔ شہر کی پرانی اور بوسیدہ عمارتوں کی لسٹ منگوا لی ہے اس بار برسات سے قبل ہی اس معاملے پر کام مکمل کر لیں گے۔ آتشزدگی کے واقعات پر قابو پانے کے لئے بھی حالیہ دنوں میں اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوٹیک رسپانس یونٹ بنائے جائیں گے جو شہر کے ہر زون میں موجود ہوں گے۔ اس فورس کا کام آتشزدگی و دیگر حادثات پر فوری قابو پانے کے لئے اقدامات کرنا ہو گا۔ لاہور کی ترقی کیلئے بڑی تیزی سے فیصلے کر رہے ہیں۔ میئر لاہور نے کہا کہ شہر میں 274 یونین کونسلز میں، ہر یونین کونسل میں ہمارے 13 آدمی ہیں۔ بوسیدہ اور خستہ حال عمارتوں بارے سرکاری سروے میں ان سے کام لیں گے۔ کونسلروں کا کام صرف مسائل کو نوٹ کرنا اور ڈپٹی میئر تک پہنچانا ہے یا وہ سرکاری افسروں سے بھی کام کرا سکتے ہیں۔ شہر میں پانی کی سپلائی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے البتہ گیس کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، بجلی کی لوڈ شیڈنگ بھی بہت کم باقی رہ گئی ہے، حالات بہتری کی جانب چل رہے ہیں۔ سڑکوں کی اہمیت سے کسی طور انکار ممکن نہیں ہے۔ کرکٹ، فٹبال، ہاکی کیلئے بڑے گراﺅنڈز چاہئیں تاہم بہت سی ایسی کھیلیں بھی ہیں جو چھوٹی جگہ پر آسانی سے کھیلی جا سکتی ہیں جیسے بیڈمنٹن، باسکٹ بال، ٹیبل ٹینس وغیرہ ہم نوجوانوں کیلئے اس سہولت پر بھی کام کر رہے ہیں۔ وال سٹی کے گرد خود گھوم پھر کر 7 جگہیں تلاش کی ہیں جہاں کھیل کے گراﺅنڈ بنائے جا سکتے ہیں کرنل (ر) مبشر نے کہا کہ تجاوزات کیخلاف آپریشن شروع ہے، ریڑھی والوں کے لئے اڈے بنا لئے ہیں، تجاوزات کیخلاف بلاامتیاز کارروائی ہو گی کسی کی سفارش قبول نہ کریں گے۔ سڑکوں کے گرد گرین بیلٹس اور نئے پودے لگائے جا رہے ہیں۔ لارڈ میئر لاہور نے کہا کہ مجھے تجاوزات ختم کرنے کا ٹاسک سونپا گیا ہے جس پر کام شروع کر دیا ہے، پی ایچ اے کے ساتھ بھی مسلسل رابطہ میں ہوں، تجاوزات پر بجلی، گیس یا پانی کے کنکشن دینا جرم ہے ایسا کرنے واولوں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں سے گزارش کرتا ہوں کہ ہمارے ساتھ مکمل تعاون کریں کیونکہ اس کے بغیر ہم کامیاب نہیں ہو سکتے۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain