اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی حکومت نے وزیر مملکت چیرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر عمر کو گورنر سندھ مقرر کردیا ہے، صدر نے وزیراعظم کی ارسال کی گئی سمری پر دستخط کردئیے، گورنر سندھ کا عہد سابق گورنر سعید الزماں صدیقی کے انتقال کے بعد سے خالی تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق صدر اور وزیراعظم ملاقات میں محمد زبیر کو گورنر سندھ کے عہدے پر تعینات کرنے کا فیصلہ ہوا، ان کی حلف برداری جمعرات کو متوقع ہے۔ وہ سندھ کے 32 ویں گورنر ہوں گے، ان کی تعیناتی کی سمری ایوان صدر کو موصول ہوئی تھی جس پر صدر ممنون حسین نے دستخط کردئیے، محمد زبیر کا تعلق مسلم لیگ نواز سے ہے جبکہ ان کے بھائی اسد عمر تحریک انصاف کے رہنما ہیں۔ڈاکٹر عشرت العباد خان کے بعد گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے والے جسٹس(ر)سعید الزماں صدیقی 11 جنوری 2017 کو شدید علالت کے باعث انتقال کر گئے تھے، وہ محض 2 ماہ اس عہدے پر فائز رہے، ان کے بعد سے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی قائم مقام گورنر سندھ کے عہدے پر تعینات تھے، خیال رہے کہ سابق گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کے انتقال کے بعد بہت سی شخصیات کو نیا گورنر سندھ بنانے کے بارے میں چہ مگوئیاں ہو رہی تھیں تاہم یہ قرعہ محمد زبیر کے نام نکل آیا ہے، دوسری جانب محمد زبیر عمر کا کہنا تھا کہ سندھ بہت حساس صوبہ ہے اس میں مختلف زبان بولنے والے افراد رہتے ہیں جن کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا اسی لیے کوشش کروں گا کہ سندھ سے متعلق جو ترجیحات ہوں ان پر پورا اتر سکوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال گزشتہ 20 ، 25 سال سے اچھی نہیں تھی جو ہماری حکومت میں کراچی آپریشن کے بعد بہتر ہوئی۔ واضح رہے کہ 14 سال تک سندھ کے گورنر رہنے والے ڈاکٹر عشرت العباد خان کے بعد جسٹس(ر( سعید الزماں صدیقی کو سندھ کا 31 واں گورنر مقرر کیا گیا تھا جنہوں نے 11 نومبر 2016 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تاہم وہ خرابی صحت کی بنا پر زیادہ عرصے تک گورنر کی ذمہ داریاں نہ نبھاسکے اور 12 جنوری 2017 کو انتقال کرگئے، محمد زبیر حکمران مسلم لیگ(ن) سے تعلق رکھتے ہیں اور اس وقت نجکاری کمیشن کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ محمد زبیر پاکستان تحریک انصاف کے سرگرم رہنما اسد عمر کے بھائی ہیں اور محمد زبیر وزیر مملکت اور نجکاری کمیشن کے چیئرمین کی حیثیت سے 18 دسمبر کو تعینات ہوئے اور تاحال اِس عہدے پر کام کر رہے ہیں۔ محمد زبیر 12جولائی 2013 سے 17 دسمبر 2013 تک سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین رہے۔ 2012اور2013میں مسلم لیگ(ن) کی اقتصادی، ٹیکس اصلاحات اور میڈیا یا کمیٹیوں کا حصہ رہے۔1981سے2007تک امریکا کی بڑی آئی ٹی کمپنی آئی بی ایم میں کام کیا اور اِس دوران پیرس، روم، میلان اور دبئی میں اہم بین الاقوامی ذمہ داریاں اد ا کیں۔آئی بی ایم میں اپنے 26 سال کیئریر کے دوران انہوں نے کئی ممالک میں اہم ذمہ داریاں ادا کیں۔محمد زبیر نے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی۔1980میں طالب علم نمائندے کے طور پر آئی بی اے کراچی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے لیے منتخب ہوئے۔1980سے1986 تک آئی بی اے کراچی کے شام کے کیمپس میں فنانشل مینجمنٹ کا مضمون پڑھایا۔