دانش تیمور اور ثنا جاوید کی ”مہرالنسا وی لب یو“کے یونٹ کو مشکلات

لاہور(کلچرل رپورٹر) ملک میں بارش اور برفباری کے نئے سلسلے سے ثقافتی سرگرمیاں بھی متاثرہوئی ہیں جس سے شمالی علاقوں میں موجود کئی یونٹ مشکلات کا شکار ہیں۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ان دنوں مختلف ڈراموں کی ریکارڈنگ اور فلموں کی شوٹنگ مری،ایبٹ آباد، کالام ،میرپور اور ایبٹ آباد کے علاقوں میں جاری ہے جس میں بہت سے فنکار حصہ لے رہے ہیں۔ گزشتہ روزہونے والی بارش اور برفباری کے باعث کاکول کے نزدیک پروڈیوسر حسن ضیاءکی فلم”مہرالنسا وی لب یو“کے یونٹ کو شدیددشواری کا سامنا کرنا پڑا جہاں دانش تیمور، ثنا جاوید اور نگاہ حسین سمیت دیگر لوگ موجود ہیں۔ فنکار برفباری کی وجہ سے ہوٹلوں میں قید ہوکررہ گئے جبکہ شوٹنگ کینسل کردی گئی۔ بارش کے باعث پی ٹی وی کے پروڈیوسر شوکت چنگیزی کی سیریل”رسمیں“ کی میرپورمیں جاری ریکارڈنگ بھی متاثر ہوئی جہاں اداکارہ صندل،رائدعالم اورعزیقہ ڈینئل سمیت دیر فنکار موجود ہیں۔ لاہور میں بھی بارش کے باعث دوتقریبات ملتوی کردی گئیں۔

مائیکل جیکسن کوقتل کیاگیاتھا

لاس اینجلس (شوبز ڈیسک)پاپ سنگرمائیکل جیکسن کی بیٹی پیرس جیکسن نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے باپ کو قتل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کونارڈ مرےسز ذمہ دار ہیں مگر مائیکل جیکسن کی موت کے پیچھے کچھ اور برے عوامل تھے۔ان کی موت کوغیرارادی قتل قرار دیتے ہوئے عدالت نے ڈاکٹر مرےکو4 برس قید سنائی تھی۔ پیرس جیکسن نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ مجھے14برس کی عمرمیں ایک انجان شخص نے زیادتی کانشانہ بنایا۔ میں نے کئی بارخودکشی کی کوشش کی اورخودکوزخمی بھی کیا۔مائیکل کہتے تھے ایک دن وہ مجھے ماردیں گے اور پوراخاندان یہ بات جانتاہے۔

جاوید شیخ کے بعد ان کی بیٹی کوبھی بالی وڈ راس آگیا

جاوید شیخ کا فنی سفر ریڈیو سے شروع ہوا پھر حسینہ معین کے ڈراموں میں بطور ہیرو مرکزی رول کیے مگر رجحان چونکہ فلم کی طرف تھا اس لئے جلد ہی اداکاری کے ساتھ ساتھ فلمساز ی اور پروڈکشن کے شعبے میں آگئے۔ جاوید شیخ 8 اکتوبر 1954ءکو راولپنڈی میں پیدا ہوئے۔ راولپنڈی کی پنجابی فیملی سے ان کا تعلق ہے۔ ڈراموں کی دنیا سے جب فلم کی طرف آئے تو 14 دسمبر 1974ءکو ان کی فلم ”دھماکہ“ ریلیز ہوئی۔ اس کے بعد 1975ءمیں ”مشکل “بنائی۔ 2002ءمیں جاوید شیخ نے ”یہ دل آپ کا ہوا“ بنائی جس میں خود انہوں نے بھی مہمان اداکار کے طور پر کام کیا۔ جب پاکستانی سینما زوال پذیر ہوا تو جاوید شیخ نے بھارت کارخ کیا۔ وہاں 2005ءمیں فلم شکار‘ 2006ءمیں جان من میں کام کیا اور خاصی پذیرائی حاصل ہوئی۔ اس کے بعد نمستے لندن‘ اوم شانتی میں اداکاری کی۔ اسی دوران جب فراغت ملی تو پاکستان آگئے۔ یہاں انہوں نے ”میں ایک دن لوٹ آﺅنگا“ بنائی جس میں جاوید شیخ نے سپورٹنگ رول کیا۔ جاوید شیخ نے اپنا فلمی سفر بطور فلم ساز اور پروڈیوسر جاری رکھا مگر جب بڑے بجٹ کی فلم ”کھلے آسمان کے نیجے “بنائی تو انہیں اس میں 80 ملین یعنی 8 کروڑ کا نقصان ہوا حالانکہ اس فلم کی نمائش پاکستان‘ بھارت‘ امریکہ‘ آسٹریلیا اور عرب امارات میں ہوئی تھی مگر فنی وجوہات اور کمزور کہانی کی وجہ سے کامیاب نہ ہوسکی۔ جاوید شیخ کی ذاتی زندگی بھی خاصی ہنگامہ خیز رہی۔ انہوں نے پہلی شادی زینت منگی سے کی جو اس دور میں ٹی وی اور فلم پر سپورٹنگ رول کرتی رہیں۔ زینت منگی سے بیٹی مومل شیخ اور بیٹاشہزاد شیخ ہیں تاہم زینت منگی سے علیحدگی کے بعد ان کے کئی فلم ایکٹریسوں سے دوستی رہی جن میں نیلی اور سلمیٰ آغا پر فہرست ہیںمگر جاوید شیخ اس الزام کوتسلیم نہیں کرتے۔ جاوید شیخ کے بھائی سلیم شیخ بھی شوبز کی دنیا سے وابستہ ہیں جبکہ ان کے بہنوئی بہروز سبزواری کی ٹیلی ویژن پر اپنی پہچان ہے اور قاچہ ان کی شناخت ہے۔ ان دنوں جاوید شیخ کی بیٹی مومل شیخ بھی بھارتی فلموں میں کام کررہی ہیں، مومل کا کہنا ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری اسے راس آ گئی ہے ۔ عنقریب وہ بڑے ہیروز کے ساتھ جلوہ گر ہونگی اور جاوید شیخ بیٹی کی کامیابی کےلئے خاصی جدوجہد کررہے ہیں۔

معیاری فلموںنے فیملیزکو سینما ﺅں کی طرف کھینچا

لاہور(شوبز ڈیسک) اداکارہ عروہ حسین نے کہا ہے کہ پاکستانی فلموں کا معیاراورکام کرنے والے نوجوانوں کا انداز بہت الگ ہے‘ ان کی شب وروزمحنت کودیکھتے ہوئے اب یہ کہنا غلط نہ ہوگا بہت جلد پاکستان فلم انڈسٹری دنیا کی بڑی فلم انڈسٹریوں کا حصہ بن جائے گی۔اپنے اےک انٹرو ےو مےں عروہ حسےن نے کہا کہ ماڈلنگ اورٹی وی ڈراموں کے ساتھ جب مجھے فلم میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تومیں نے اس آفرکوقبول کیا اورپھرہماری فلم کوبہترین رسپانس بھی ملا اس دوران بھی بہت کچھ سیکھنے کو ملا‘ کامیابی اورناکامی ایک الگ چیز ہے لیکن یہ بات کہنے میں کوئی دقت محسوس نہیں ہورہی ہے کہ ہماری فلموں کے معیار کی وجہ سے ایک مرتبہ پھرسے لوگ اپنی فیملیز کو سینما گھروں تک لارہے ہیں۔

اظہر رنگیلا دور حاضر کا بہترین پرفارمر ہے

لاہور(کلچرل رپورٹر)بالی وڈ کے معروف کامیڈین جانی لیورنے پاکستانی اداکار اظہررنگیلاکو دورحاضرکا بہترین پرفارمرقراردیا ہے ۔جانی لیور نے گزشتہ روز اپنا ایک وڈیو کلپ اظہر رنگیلاکو بھیجا جس میں انہوں نے کہا کہ آپ کی پرفارمنس نے مجھے پاگل بنادیا ہے، آپ بہت ہی بہترین آرٹسٹ ہیں۔،میں نے آج تک آپ جیسی پرفارمنس اور ٹائمنگ کسی اور فنکارمیں نہیں دیکھی۔انہوں نے اظہر رنگیلا کے ایک ٹی وی شوکا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس طرح اس میں مہدی حسن کی کاپی کی ہے وہ شاید آج تک کوئی اور نہ کرسکا۔اس بارے میں اظہررنگیلا نے”خبریں“سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جانی لیورکے یہ الفاظ میرے لئے کسی سرمائے سے کم نہیں کیونکہ جس طرح انہوں نے میرے ٹیلنٹ کی تعریف کی ہے کسی اورنے نہیں کی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ جانی لیور نے اظہررنگیلا بارے گوونداکو بھی بتایا جو جلد ہی انہیں بھارت مدعوکریں گے۔

رابی پیرزادہ کے دفتر میں سانپوں کا بسیرا ،کوبرا نگاہوں کا مرکز بن گیا

لاہور (شوبزڈیسک) اداکارہ و گلوکارہ رابی پیرزادہ کے دفتر میں انڈین پائتھن، بلیک کوبرا، رسل سنیککا بسیرا ہو گیا ۔جہاں لوگ یہاں آتے ہیں تو سانپ ان کے لیے تفریح کا باعث بن جاتے ہیں جن میں بلیک کوبرا نگاہوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔رابی پیرزادہ کو سانپ پالنے کا جنون ہے، اس نے لاہور میں واقع اپنے بیوٹی سیلون میں بھی سانپوں کے لئے خاص اہتمام کیا ہے۔ کسٹمر دیکھتے ہیں اور چونک جاتے ہیں۔ بننے سنورنے کیلئے آئی خواتین کا دھیان سانپوں کی طرف ہی رہتا ہے۔ ان خطرناک سانپوں کا خیال رکھنا بھی انتہائی مشکل ہے۔ یہ سانپ بے ضرر ہیںلیکن ان کا خوف سروں پر منڈلاتا رہتا ہے اور کچھ مانوس بھی ہو جاتے ہیں اور سیلفیاں بھی اتارتے ہیں۔

پی ٹی آئی ، لیگی ارکان لڑ پڑے, گھونسے، گالیاں،گریبان پکڑ لیے

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی کے ایوان میں ارکان باہم دست و گریبان ہو گئے۔ پاناما کا ہنگامہ عدالت سے پارلیمنٹ ہاو¿س پہنچا تو ہنگامہ آرائی بھی ہوئی اور لڑائی مار کٹائی بھی۔ تحریک انصاف اور حکومتی ارکان گتھم گتھا ہو گئے۔ شاہ محمود قریشی نے تقریر کے دوران چور چور نعرے لگوائے تو پھڈا پڑ گیا۔ پی ٹی آئی والوں نے آوازیں لگائی توحکومتی بنچوں سے بھی ویسے ہی جواب آئے۔ خواجہ آصف کی تقریر کے دوران بھی شور شرابا جاری رہا تو شاہد خاقان عباسی شاہ محمود قریشی کے پاس پہنچ گئے۔ مراد سعید اور امجد علی خان ان سے الجھ پڑے۔ ایوان مچھلی بازار بنا تو بات باتوں سے نکل کر ہاتھوں تک پہنچ گئی پھر مکے بھی چلے اور گھونسے بھی۔ ن لیگ اور پی ٹی آئی مدمقابل آئیں تو جمشید دستی اور امجد نیازی جلتی پر تیل ڈالتے رہے۔ شہر یار آفریدی بچ بچاو¿ کراتے ہوئے پٹ گئے۔ مراد سعید نے مکے برسائے۔ دوسرے ارکان نے بھی ہاتھ خوب گرمائے۔ سکیورٹی اہلکاروں نے ارکان کو چھڑانے کی کوشش کی۔ سپیکر کو کارروائی پندرہ منٹ کیلئے ملتوی بھی کرنا پڑی۔ ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا۔اس کے بعد اسمبلی کے اندر اپوزیشن کے ارکان نے احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ قومی اسمبلی میں ہنگامہ اس وقت بڑھا جب اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے پانچ ارکان نے اسپیکر سے وزیراعظم کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرانے کی اجازت مانگی۔ اسمبلی میں شاہ محمود قریشی خطاب کر رہے تھے کہ اس دوران مبینہ طور پ رپی ٹی آئی کے دیگر ارکان نے حکومت کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی اپنی نشست سے اٹھ کر شاہ محمود قریشی کے پاس گئے اور ان سے درخواست کی کہ وہ اپنی پارٹی کے ارکان کو قابو میں رکھیں۔جب پی ٹی آئی کے بینچز سے نعرے بازی کا سلسلہ نہ رکا تو شاہد خاقان عباسی دوبارہ شاہ محمود قریشی کے پاس گئے تاہم وہ ان سے بات نہ کرسکے کیونکہ پی ٹی آئی کے ارکان بیچ میں آگئے۔تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کا دعویٰ ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے پارٹی چیف عمران خان کے خلاف نازیبا جملے استعمال کیے جس پر معاملہ بگڑا۔ ارکان قابو سے باہر ہوئے تو اسپیکر نے سکیورٹی گارڈز کو بلایا جبکہ ارکان اسمبلی نے ایک دوسرے پر مکے بھی برسائے۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے ارکان کو پرامن رہنے کی اپیل کی تاہم نہ ماننے پر اسپیکر نے اجلاس کی کارروائی 15 منٹ کے لیے معطل کر دی گئی۔بعدازاں پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے ارکان نے اجلاس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے واک آوٹ کر دیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں ہونے والی ہاتھا پائی کے بعد شاہد خاقان عباسی کے خلاف تحریک استحقاق لانے کا اعلان کردیا۔قومی اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاناما کے ایشو پر قوم اور پارلیمان کا استحقاق مجروح کیا جا رہا ہے ، حکومتی ارکان کی جانب سے روا رکھے جانے والے سلوک کے بعد اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کے بعد کل تحریک استحقاق پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جواب مانگنے پر کسی حکومتی پارٹی نے اپوزیشن پر حملہ نہیں کیا لیکن پارلیمنٹ میں ہمیں دھکے دیے گئے اور جس طرح ان کے وزیر شاہد خاقان عباسی نے مراد سعید پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی اور گالم گلوچ کی وہ سب ارکان نے دیکھا۔ آج حکومتی بینچز نے حکومتی رویہ اختیار نہیں کیا ، یہ پنجہ آزمائی نہیں بلکہ سچ اور جھوٹ کی بات ہے، یہ پاکستان کے عوام کے لوٹے ہوئے پیسے کا حساب ہے۔ یہاں نہ موقف پیش کیا جا رہا ہے اور نہ ہی مستعفی ہو رہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف پارلیمان میں آئیں اور اپنا مو¿قف پیش کریں ، ان کا موقف یہی تھا جو انہوں نے پارلیمنٹ میں آکر بیان کیا لیکن ان کے اپنے ہی وکلا نے عدالت میں اسے سیاسی بیان قرار دے دیا جب اس سے بھی بات نہ بنی تو انہوں نے آرٹیکل 66 کا سہارا لینا شروع کر دیا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اگر وزیر اعظم نواز شریف پارلیمنٹ میں آکر اپنے بیان پر قائم رہنے کا اعلان کر دیں تو ہمارا اختلاف ختم ہو جائے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی سرداز ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں ہونے والی ہاتھا پائی کی تحقیقات کرنے کا اعلان کر دیا۔ اپنے ایک بیان میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ آج کا دن افسوسناک اور تکلیف دہ ہے۔ آج ایوان میں جو کچھ ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔ واقعے کی ویڈیو منگوا لی ہے جس کے بعد معاملے کی تحقیق کی جائے گی اور دیکھیں گے کہ کیا حکمت عملی اختیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی لیڈرز، حکومت اور اپوزیشن سے مل کر مسئلے کا حل نکالیں گے۔ دوسری جانب سپیکر قومی اسمبلی نے ہنگامہ آرائی ہونے کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کر دیا ہے۔

ایلیڈ کیرے کا ایک اوور میں 6 وکٹیں لینے کا کارنامہ

سڈنی(نیوزایجنسیاں) آسٹریلوی کلب کرکٹ میں ایلیڈ کیرے نے ایک اوور میں 6 وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دے دیا۔وکٹوریہ میں بیلارٹ کرکٹ ایسوسی کے زیرانتظام ایونٹ میں گولڈن پوائنٹ کرکٹ کلب کی نمائندگی کرنے والے کیرے ایسٹ بیلارٹ کیخلاف میچ میں اپنے ابتدائی 8 اوورز میں ایک بھی وکٹ نہیں لے سکے تھے، مگر نویں اوور میں انھوں نے تمام حساب چکتا کردیے، کیرے نے اپنے اس اوور کی ہر گیند پر حریف سائیڈ کی وکٹ اڑائی۔

35 سال بعد پاکستانی بلے باز کی آسٹریلیا میں میزبان ٹیم کےخلاف سنچری

ایڈیلیڈ ( آن لائن ) بابر اعظم آسٹریلیا کے خلاف ان کی سرزمین پر 35 سال بعد سنچری بنانے والے پاکستانی بیٹسمین بن گئے ہیں۔بابر اعظم نے جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر ٹریوس ہیڈ کا کیچ بننے سے قبل 109 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 100 رنز اسکور کیے۔ یہ بابر اعظم کی ون ڈے انٹرنیشنلز میں چوتھی سنچری ہے، وہ 23میچز میں 6 ففٹیز سمیت 1168 رنز سکور کر چکے ہیں۔اس سے قبل پاکستان کی جانب سے ظہیر عباس نے دسمبر 1981 میں آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں 108 رنز کی اننگز کھیلی تھی اور میچ میں پاکستان نے 6 وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی.

بوجھ بننے والے کرکٹرزسے جان چھڑانے کافیصلہ

لاہور ( آن لائن ) پی سی بی نے ٹیم پر بوجھ بننے والے کھلاڑیوں سے جان چھڑانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اظہر علی بطور ون ڈے کپتان اپنا آخری میچ کھیل چکے ہیں، اب وکٹ کیپر سرفراز احمد کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں ون ڈے کپتان مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔ پی سی بی نے 35 برس سے زائد عمر کے کرکٹرز کو فارغ کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔ مصباح الحق، یونس خان، محمد حفیظ اور شعیب ملک زندگی کی 35 بہاریں دیکھ چکے ہیں۔ مصباح الحق کی خدمات کو دیکھتے ہوئے ٹیسٹ کپتان کو ویسٹ انڈیز کے دورے تک مہلت مل سکتی ہے۔ 42 سالہ کپتان پی ایس ایل میں اپنی فٹنس اور فارم کا جائزہ لینے کے بعد پی سی بی کو ریٹائرمنٹ کے بارے میں بتائیں گے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق یونس خان کو بھی مزید مواقع دینے کے حق میں نہیں ہیں۔ ان تبدیلیوں کا مقصد ورلڈ کپ 2019ئ کے لیے مضبوط ٹیم بنانا اور ڈومیسٹ کرکٹ میں پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کو موقع دینا ہے۔