تین سالہ معصوم دانش کا قاتل باپ نکلا ….وجہ حیران کن

لاہور (خصوصی رپورٹ)بادامی باغ کے علاقہ گندے نالے سے ملنے والی3سالہ بچے کی لاش کا معمہ حل ہو گیا،معصوم بچے کواس کے اپنے ہی باپ نے قتل کیا تھا۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ چند روز قبل بادامی باغ کے علاقہ میں گندے نالے کے قریب سے مقامی افراد کو ایک 3سالہ بچے کی لاش پڑی ہوئی ملی جس پر انہوں نے پولیس کو اطلاع دی جس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر کے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانہ میں منتقل کر دیا۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں مقتول کے اہل خانہ کا سراغ لگایا گیا بعد ازاں اس کے باپ کی جانب سے مختلف بیانات دینے پرپولیس کو اس پر شک گزرا اور انہوں نے اس سے تفتیش کی تو اس نے قتل کا اعتراف کر لیا۔ تین سالہ دانش کو اس کے باپ ملزم شاہد علی نے قتل کرنے کے بعد لاش کو گندے نالے میں پھینک دیا تھا۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ واضح ہوا ہے کہ شاہد کی گھریلو رنجش چل رہی تھی جس پر اس نے بیٹے کو مار ڈالا اور لاش بادامی باغ کے گندے نالے میں پھینک دی۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ مقتول کی ماں کی مدعیت میں درج کر رکھا ہے جبکہ ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ قتل کے حوالے سے مزید محرکات سامنے آ سکیں۔

نئے” ممکنہ وزیر اعظم “کے نام سامنے آگئے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے سینیٹر ظفرعلی شاہ نے کہاہے کہ پانامالیکس کیس کے فیصلے کی زد میں آنے پر نوازشریف کے بعد خاندان سے حمزہ شہبازشریف وزیراعظم ہوسکتے ہیں لیکن اگر وہ چاہیں کہ خاندان کی بجائے یہ عہدہ پارٹی کو دیاجائے تو خواجہ سعد رفیق یا خواجہ آصف بھی ہوسکتے ہیں۔ گفتگو کرتے ہوئےظفرعلی شاہ نے بتایاکہ پانامالیکس کا فیصلہ خلاف آجانے پر بھی پارٹی لیڈر نوازشریف ہی ہوں گے ، پھر وہی شخص وزیراعظم بنے گا جو رکن قومی اسمبلی ہوگا، اگر نوازشریف یہ چاہیں گے کہ عہدہ فیملی میں ہی رہے تو قریب ترین آدمی جو پارلیمنٹ میں بھی موجود ہے تو وہ حمزہ شہبازشریف ہوں گے ، اس کے علاوہ کوئی اور نہیں۔ اگروہ چاہیں گے کہ یہ عہدہ پارٹی کو دیاجائے تو اس کیلئے خواجہ آصف یا سعد رفیق بھی ہوسکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کاکہناتھاکہ اسحاق ڈار نہیں ہوسکتے کیونکہ وہ سینٹ کے رکن ہیں

جعلی سٹنٹ بنانے والی کمپنی کا مالک کون ؟جان کر آپ حیران رہ جائینگے

لاہور( حصوصی رپورٹ) جعلی سٹنٹ بیچنے والی کمپنی وفاقی وزیر کے عزیز کی ہے۔ حکومتی رکن نے بھانڈا پھوڑ دیا۔ پنجاب اسمبلی میں صحت پر بحث کے موقع پر سیکٹری صحت ایوان میں موجود ہی نہیں تھے۔ اپوزیشن کی نشاندھی پر سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے سیکرٹریز صحت کو فوری طور پر ایوان میں پیش ہونے کا حکم دیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے صحت پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے ایوان کو بتایا کہ ڈرگ ایکٹ تبدیلیاں کی جا رہی ہیں اور معیاری ادویات کی فراہمی کے لئے نیا سسٹم بنا رہے ہیں۔ 30 جون 2017ءتک پنجاب کے تمام 40 ہسپتالوں میں طبی سہولتیں اور مریضوں کی سہولت سمیت دیگر اہم اقدامات کر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ہم نے اپنی غلطیوں پر بہت کچھ سیکھا ہے اور بہت کچھ سیکھ رہے ہیں اور یہ بھی دعوی نہیں کر رہے کہ دودھ کی نہریں بہہ رہی ہیں تا ہم ہیلتھ سیکٹر میں بہتری لانے کے لئے کام ہو رہا ہے۔ ینگ ڈاکٹر، پیرا میڈیکل سٹاف مطالبات کے حق میں ہسپتالوں کی ایمرجنسیاں بند نہ کرے تو پاکستان میں بھی اچھے حالات پیدا ہو جائیں ۔ اپوزیشن لیڈر میں محمود الرشید نے کہا کہ ن لیگ کی ترجیع انسان نہیں سڑکوں کی تعمیر ہے۔ لاہور کے ہسپتال میں زہرا بی بی ایڑھیوں رگڑ رگڑ کر مر گئی اس کی انکوئری رپورٹ سامنے نہیں آسکی۔ حکومتی رکن ڈاکٹر نوشین حامد نے الزام لگایا کہ جعلی سٹنٹ فروخت کرنے والی کمپنی وفاقی وزیر کے قریب عزیز کی ہے۔ ڈاکٹر وسیم اختر نے تجویز دی کہ سٹنٹ چین کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک سے منگوانے کی بھی اجازت دی جائے۔ ہسپتالوں میں ایسی ادویات دی جائیں جو میاں شہبازشریف اور ان کے بچے استعمال کر تے ہیں۔ حکومتی رکن ڈاکٹر فرزانہ نذیر نے تجویز دی کہ مزید بہتری کے لئے ارکان اسمبلی کو ہسپتالوں کی مانیٹرنک کرنے کی دیوٹیاں دی جائیں۔ راحیلہ انور نے کہا کہ حکومت کو جان کی نہیں جہان کی فکر ہے، افسوس کی بات ہے کہ ہم لوگ دشمن ملک بھارت میں علاج کروانے کے لئے جاتے ہیں۔ ٹرانسپلانٹ پاکستان میں کیوں نہیں کیا جا سکتا۔ کارروائی مکمل ہونے پر اجلاس کل 10 بجے تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔

پاک بھارت ایٹمی جنگ ….امریکی خفیہ ایجنسی کے تہلکہ خیز انکشافات

واشنگٹن (خصوصی رپورٹ)امریکی نیشنل انٹیلی جنس کونسل نے دعوی کیا ہے کہ 2028میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ ہوسکتی ہے کیونکہ بھارت ا گلے پانچ سال کے دوران دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشت بن جائےگا ،پاکستان روایتی حریف سے غیر موزوں طریقوں سے نمٹنے کی ضرورت محسوس کرےگا۔ امریکی نیشنل انٹیلی جنس کونسل کی طرف سے حال ہی میں جاری کی گئی ایک رپورٹ عالمی رجحانات بڑھتے تنازعات میں دعوی کیا گیا ہے کہ بھارت ا گلے پانچ سال کے دوران دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشت بن جائے گا جبکہ چین کی معیشت بھی فروغ پائے گی جبکہ پاکستان بھارت کی معاشی ترقی اور روایتی فوجی صلاحیتوں سے غیر موزوں ذرائع سے نمٹنے کی ضرورت محسوس کرے گا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان اپنے ایٹمی ہتھیاروں اور ڈیلیوری کے ذرائع کو بڑھائے گا جن میںمیدان جنگ میں ایٹمی ہتھیاروں اور سمندر پر مبنی آپشنز بھی شامل ہیں۔رپورٹ میں تین طرح کے حالات کی پیشگوئی کی گئی ہے جن میں قومی، علاقائی اور کمیونٹی کی سطح پر متبادل ردعمل سامنے آسکتا ہے اور ان تین طرح کے منظرنامے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ بھی شامل ہے ۔ رپورٹ میں کہاگیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی ایٹمی جنگ کی نوعیت اختیار کرسکتی ہے دونوں ملکوں کے درمیان سندھ طاس معاہدے پربھی کشیدگی موجود ہے جبکہ بھارت کی طرف سے یہ الزامات عائدکئے جارہے ہیں کہ ملک میں ہونے والے دھماکوں میں پاکستانی دہشت گرد گروپ ملوث ہیں اس بناپر دونوں ملکوں نے فوجوں کی نقل و حمل بھی کی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ مذکورہ بالا صورتحال کے پیش نظر 2028 میں جنوبی ایشیامیں ایٹمی جنگ کے خطرات پیدا ہوسکتے ہیں تاہم امریکن ایمپائر پراجیکٹ کے معاون بانی ٹام اینجل ہرد ا مریکی نیشنل انٹیلی جنس کونسل کے اس موقف سے اتفاق نہیں کرتے۔

اندھیر نگر ی:وزارت بجلی میں بجلی کا معاہدہ مگر بجلی غائب

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)بجلی کی تلاش میں ”بجلی“ ہی چلی گئی، چینی کمپنی کے ساتھ توانائی معاہد پر دستخط کے دوران بجلی غائب، چینی مہمانوں کے ساتھ معاہدے پر دستخط کی تقریب میں دو بار بجلی بند ہوئی، وزیرپانی و بجلی خواجہ آصف اور چینی وزیر پریشان ہوگئے اور موبائل کی روشنی میں معاہدے پر دستخط کا عمل مکمل کیا گیا۔ پاکستان اور چین کی کمپنی چائنہ پاور کے درمیان حب میں 1320 میگاواٹ اورت تھر میں مقامی کوئلے سے 330 میگاواٹ بجلی منصوبے لگانے کے معاہدوں پر دستخط ہوگئے، حب میں 1320 میگاواٹ کا منصوبہ جون 2019ءاور تھر کے مقامی کوئلے سے 330 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ دسمبر 2019ءمیں مکمل ہوگا ۔ حب میں 1320 میگاواٹ منصوبے پر 2ارب ڈالر جبکہ تھرکے مقامی کوئلے سے 330میگاواٹ بجلی کے منصوبے پر 300ملین ڈالر لاگت آئے گی۔معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف کاکہنا تھا سی پیک انرجی فریم ورک کا ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔ مقامی کوئلے سے سستی بجلی پیدا کرنے پر توجہ دے رہے ہیں جس سے زرمبادلہ کی بھی بچت ہوگی ، تھر کو ملک کا انرجی حب بنائیں گے ، نندی پور پاور پلانٹ کو گیس پر منتقلی کا کام اپریل تک مکمل ہوجائیگا، گیس ملنے سے نندی پور پاورپلانٹ سے 525 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی ، بھاشا اور منڈا ڈیم منصوبوں کا افتتاح رواں سال ہوگا، واٹر پالیسی جلد متعارف کروائیں گے۔میڈیا نے بار بار بجلی غائب ہونے پر سوال اٹھایا تو خواجہ آصف نے بات رفع دفع کرنے کیلئے نندی پور بجلی گھر آپریشنل ہونے کی نوید سنادی۔

”غریب ملک کی شاہی افسر “30ہزار ملازم خدمت کیلئے حاضر

لاہور (خصوصی رپورٹ) پاکستان میں میانہ روی کا رجحان برائے نام رہ گیا، یبورو کریسی کی سرکاری رہائش گاہوں کی تزئین و آرائش پر سالانہ کروڑوں روپے کا بجٹ مختص کیا جانے لگا، یورپی ملکوں میں سرکاری افسر و اعلیٰ عہدیدار چھوٹے گھروں میں رہتے ہیں جبکہ پنجاب میں سرکاری افسروں کو الاٹ کیے گئے گھر کئی کئی کنال پر محیط ہیں اور ان کی مرمت کے نام پر سالانہ ایک ارب 54 لاکھ روپے سے زائد کی رقم خرچ کی جاتی ہے۔ حکومت کی جانب سے اخراجات میں کمی اور شاہ خرچیوں پر قابو پانے کے حوالے سے کیے گئے، اعلان صرف کاغذوں کی حد تک محدود رہ گئے اور منظور نظر افسروں کے گھروں کی مرمت کے لیے زائد فنڈز بھی دیئے جاتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کمشنر سرگودھا کی کوٹھی 104 کنال پر محیط ہے۔ یہ پاکستان میں کسی بھی سرکاری ملازم کی سب سے بڑی رہائش گاہ ہے اور وہاں 33 ملازم رکھے گئے ہیں۔ دوسرے نمبر پر ایس ایس پی ساہیوال کی کوٹھی ہے جس کا رقبہ 98 کنال اور ڈی سی فیصل آباد کی رہائش گاہ 92 کنال پر محیط ہے۔ پنجاب پولیس کے ڈی آئی جیز اور 32 ایس ایس پیز کی رہائش گاہیں 860 کنال پر مشتمل ہیں۔ ڈی آئی جی گوجرانوالہ 70 کنال، ڈی آئی جی سرگودھا 40 کنال ، ڈی آئی جی راولپنڈی 20 کنال، ڈی آئی جی سرگودھا 40کنال، ڈی آئی جی راولپنڈی20کنال، ڈی آئی جی فیصل آباد 20کنال، ڈی آئی جی ڈیرہ غازی خان اور ڈی آئی جی ملتان 18 کنال اور ڈی آئی جی لاہور 15 کنال کے محلات میں رہتے ہیں۔ ایس ایس پی میانوالی 70 کنال، ایس ایس پی قصور 20 کنال، ایس ایس پی قصور 20کنال، ایس ایس پی شیخوپورہ 32 کنال، ایس ایس پی گوجرانوالہ 25 کنال، ایس ایس پی گجرات 8 کنال، ایس ایس پی سیالکوٹ 9 کنال، ایس ایس پی جھنگ18 کنال، ایس ایس پی ٹوبہ ٹیک سنگھ5 کنال، ایس ایس پی ملتان 13کنال، ایس ایس پی ٹوبہ ٹیک سنگھ5کنال، ایس ایس پی ملتان 13 کنال، ایس ایس پی وہاڑی 20کنال، ایس ایس پی خانیوال 15 کنال، ایس ایس پی پاکپتن 14 کنال، ایس ایس پی بہاولپور15 کنال، ایس ایس پی راولپنڈی 5کنال، ایس ایس پی بہاولنگر 32کنال، ایس ایس پی رحیم یار خان 22کنال، ایس ایس پی لیہ 6کنال، ایس ایس پی رحیم یارخان 22کنال، ایس ایس پی لیہ6کنال، ایس ایس پی راولپنڈی5 کنال، ایس ایس پی چکوال 10 کنال، ایس ایس پی جہلم 6کنال، ایس ایس پی اٹک 29کنال، ایس ایس پی خوشاب6کنال، یاس ایس پی بھکر8 کنال، ایس ایس پی راجن پور 37 کنال اور ایس ایس پی نارووال 10 کنال کے سرکاری گھروں میں رہائش پذیر ہیں۔ پولیس کے سرکاری گھروں میں رہائش پذیر ہیں۔ پولیس کے ان سرکاری محلات کی حفاظت، مرمت اور تزئین و آرائش پر ہر سال 80 کروڑ روپے سے زائد خرچ ہوتے ہیں جو تین بڑے ہسپتالوں کے سالانہ بجٹ کے برابر ہے۔ ذرائع کے مطابق دو ہزار چھ سو چھ کنال پر مشتمل ان رہائش گاہوں کی دیکھ بھال کے لیے تیس ہزار ڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ ملازمین ہیں جن کی تنخواہوں اور ان محلات مکے باغیچوں کی حفاظت کے لیے سالانہ 36 کروڑ وپے کا بجٹ دیا جاتا ہے۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق تمام رہائش گاہیں مذکورہ شہروں کے مرکزی علاقوں میں واقع ہیں جہاں کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں اور ان جگہوں کو بیچ کر 70 سے 80 ارب روپے پنجاب حکومت کو حاصل ہوسکتے ہیں۔

نوکیا موبائل کے چاہنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

سلیکان ویلی(خصوصی رپورٹ)نوکیا نے اسمارٹ فونز کے علاوہ ٹیبلٹ پیش کرنے کی بھی پوری تیاری کرلی ہے جو اپنی جسامت اور کارکردگی میں ایپل آئی پیڈ پرو کے ہم پلہ ہوگا۔موبائل ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے ایک معتبر ادارے جی ایف ایکس بینچ کے مطابق نوکیا نے اپنے اگلے ٹیبلٹ کمپیوٹر کو حتمی شکل دے دی ہے جس کی چوڑائی 18.4 انچ ہوگی یعنی وہ جسامت میں ایپل کارپوریشن کے آئی پیڈ پرو جتنا بڑا ہوگا؛ لیکن بات صرف یہیں پر ختم نہیں ہوجاتی۔مذکورہ ادارے کا کہنا ہے کہ بظاہر اس نئے نوکیا ٹیبلٹ میں اوکٹاکور اسنیپ ڈریگن پروسیسر کے ساتھ آرڈینو 540 جی پی یو (گرافیکل پروسیسنگ یونٹ) بھی ہوگا۔ اس ٹیبلٹ کی دوسری ممکنہ خصوصیات میں 4 جی بی ریم، 64 میگابائٹ انٹرنل اسٹوریج اور 12 میگا پکسل والے فرنٹ اور بیک کیمروں کے علاوہ ہر وقت انٹرنیٹ سے مربوط رہنے کیلئے سم کا اضافی آپشن بھی شامل ہوگا۔

ڈالر گرل کی چودھری نثار کے نام ”چھٹی “

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈالر گرل ایان علی نے اپنا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے وزیرداخلہ کے نام وزارت داخلہ میں درخواست جمع کرادی ہے نجی ٹی وی کے مطابق ایان علی نے درخواست میں موقف اپنایا کہ ان کا نام 29جنوری تک ای سی ایل سے نکالا جائے کیونکہ وہ 30جنوری بیرون ملک جانا چاہتی ہیں۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ ای سی ایل سے نام سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نکالا جائے۔

”وار“ کے بعد بلال لاشاری کی ایک اور فلم،فواد خان ہیرو ہونگے

لاہور(شوبز ڈیسک) چند روز قبل فواد خان کی کچھ تصاویر منظر عام پر آئی تھیں جن میں وہ کافی بدلے بدلے دکھائی دے رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق ان کا یہ نیا روپ ان کی نئی آنے والی فلم کے لیے تھا جو ممکنہ طور پر پاکستانی کلاسیکی فلم ’مولا جٹ‘ کا سیکوئل ہے۔لیکن اس فلم کے بارے میں اس کے ہدایت کار بلال لاشاری نے تمام غلط فہمیوں کو دور کردیا۔ فیس بک پر ایک پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ یہ فلم نہ ہی مولا جٹ کا سیکوئل ہے اور نہ ہی اس کا ری میک۔

سارہ لورین ماڈلنگ کےلئے تھائی لینڈ پہنچ گئیں

لاہور(شوبزڈیسک)اداکارہ سارہ لورین ماڈلنگ کیلئے تھائی لینڈپہنچ گئیں۔بتایاگیاہے کہ وہ ایک انٹرنیشنل برانڈکے شوٹ کیلئے وہا ں گئی ہیں۔انہوں نے میڈیاسے ٹیلی فون پرگفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ وہ 26جنوری کوتھائی لینڈسے دبئی آئینگی جہاں چندروزقیام کے بعد وطن واپس آجائینگی۔سارہ لورین کا کہناتھاکہ پاکستان میں معیاری فلموں کادورشروع ہو چکا ہے ۔گزشتہ تین چاربرس سے ڈیجیٹل فلموں نے فلم بینوں کوسینماگھروں کی طرف راغب کیاہے۔فلمی شائقین ایک عرصے سے پاکستانی فلموں سے اچاٹ ہوچکے تھے لیکن اب ان کی دلچسپی میں اضافہ ہواہے۔ میں سمجھتی ہوں کہ اس میں ہمارے فنکاروں اور ہنر مندوں کا کمال ہے۔انکاکہناتھاکہ مجھے بھی مختلف فلمسازوں اورہدایتکاروں کی طرف سے فلموں کے مرکزی کرداروں کی آفرز ہیںمیں ملکی فلموں میں ضرورکام کروں گی تاہم ماڈلنگ میں مصروفیت کے باعث صرف منتخب فلمو ں میں ہی اداکاری کروں گی۔