75 سالہ اداکار ندیم پاکستان فلم انڈسٹری کی حقیقی تصویر ہیں بطور ہیرو بھی انہوں نے انجوائے کیا اور اب بھارتی اداکار امیتابھ بچن کی طرح 75 سال کی عمر میں بھی بطور کریکٹر ایکٹر اور پروڈیوسر انجوائے کررہے ہیں۔ اداکار ندیم کا اصل نام مرزا نذیربیگ ہے جو 19 جولائی 1941ءکو بھارت کے شہر مدراس میں پیدا ہوئے اور 47ءکے بعد اپنے خاندان کے ساتھ پاکستان آگئے۔ ابتدائی تعلیم کراچی کے سکولوں کالجوں میں حاصل کی۔ ندیم کے ابتدائی دوستوں میں طلعت حسین‘ ایم ظہیر خان‘ آفتاب عظیم‘ سلیم جعفری‘ ٹی وی پروڈیوسر اقبال حیدر کو دریافت کرنے والوں نے کراچی کلب سے دریافت کیا جہاں یہ سارے دوست اکٹھے وقت گزارا کرتے تھے۔ ندیم کے دو دوستوں ایم خان اور قاسم صدیقی نے ندیم کے ساتھ میوزک کے مقابلوں میں بھی حصہ لیا۔ انہی میوزیکل مقابلوں میں گلوکارہ فردوس رحمن جو فردوس بیگم کے نام سے مشہور تھی اس نے ندیم کے موسیقی کے ٹیلنٹ کو محسوس کیا اور ڈھاکہ فلم انڈسٹری میں پلے بیک گلوکار کی حیثیت سے ندیم کی حوصلہ افزائی کی۔ اداکار ندیم کا فنی کیرئیر 40 سال پر محیط ہے۔ 67ءمیں ندیم کی پہلی فلم” چکوری“ تھی جس کے ہدایتکار وپروڈیوسر کیپٹن احتشام تھے جس میں احتشام نے ندیم کو شبانہ کے مقابلے میں ہیرو کا کردار دیا اور دلچسپ بات یہ ہے کہ احتشام حقیقی زندگی میں بھی ندیم کے سسر بن گئے۔ فلم چکوری نے اس زمانے میں مشرقی اور مغربی پاکستان میں بھرپور بزنس کیا اور ندیم کو اس فلم پر پہلا نگار ایوارڈ ملا۔ اس کے بعد اداکار ندیم نے اوپر تلے سپر ہٹ فلمیں کیں جن میں 73ءمیں فلم ”ناداں“کے ساتھ ہی فلم اناڑی‘ 83ءمیں فلم ”دہلیز“ میں شاندار پرفارمنس دی۔ زیادہ تر فلموں میں شبنم ہی اس کی ہیروئن رہیں۔ اداکار ندیم کو یہ اعزازر بھی حاصل ہے کہ انہوں نے اور فلم ہدایتکاروں کے ساتھ بھی کام کیا جن میں پرویز ملک‘ نذر اسلام‘ ایس سلمان‘ شمیم آرائ‘ سنگیتا اور ثمینہ پیرزادہ شامل ہیں جبکہ سینئر فنکاروں سنتوش کمار‘ درپن‘ وحید مراد اور کمال کے ساتھ بھی مرکزی کردار کئے۔ اداکار ندیم بطور گلوکار احمد رشدی اور اخلاق احمد کی آواز سے متاثر تھا۔ خاص طور پر احمد رشدی کے گانوں نے ندیم کے فلمی کرداروں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں خاصی مدد کی۔ اس کے علاوہ مسعود رانا‘ مجیب عالم اور مہدی حسن کی آوازوں نے بھی ندیم کو امر اداکار بنا دیا۔ ندیم نے 68ءمیں اپنی پہلی فلم چکوری کے ہدایتکار کیپٹن احتشام کی بیٹی فرزانہ سے شادی کی۔ ان کے دو بیٹے فرحان اور فیصل ہیں۔ ندیم کی اس حوالے سے بھی انفرادیت ہے کہ ان کا دوسرے اداکاروں کی طرح کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا مگر ندیم کے قریبی ساتھی کہتے ہیں کہ ندیم اس قدر ہوشیار تھا اس نے اپنے کسی خفیہ افیئر کو سامنے آنے ہی نہیں دیا وگرنہ محلے کی ہر تیسری گلی میں اس کی محبوبہ موجود ہوا کرتی تھی۔