پشاور(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان سے فوائد حاصل کرنے کے لیے فاٹا میں جلد از جلد استحکام قائم کرنا ہوگا جبکہ فاٹا کے خیبر پختونخوا میں ضم ہونے سے دہشت گردی ختم ہوجائے گی۔پشاور میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے لاہور اور پشاور میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حیات آباد دھماکے میں ججز کو ٹارگٹ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ’نیشنل ایکشن پلان پر پورے ملک میں اتفاق رائے ہوا، نیپ سے فوائد حاصل کرنے کے لیے فاٹا میں جلد از جلد استحکام قائم کرنا ہوگا اور فاٹا کو خیبر پختونخوا میں جلد از جلد ضم کرنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ’فاٹا کو وسائل دینے ہی ہوں گے کیونکہ وہاں ہر چیز تباہ ہوچکی ہے، فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کے علاوہ اور کوئی بہتر راستہ نہیں ہے جبکہ فاٹا کے ضم ہونے سے دہشت گردی ختم ہوجائے گی۔عمران خان نے کہا کہ ’فاٹا کو ضم کرنا آسان نہیں ہوگا، فاٹا کے علیحدہ قوانین اور رسم و رواج ہیں اس لیے ضم کرنے کے عمل میں تھوڑا مسئلہ آئے گا، آپریشن ’ضرب عضب‘ ختم ہونے پر فاٹا اور خیبر پختونخوا کو ایک ہونا تھا لیکن اس میں تھوڑی تاخیر ہوئی۔‘واضح رہے کہ پشاور میں ججز کی گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں ڈرائیور جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوئے تھے۔