لاہور(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ، صوبائی وزیرانسداد دہشت گردی محمدایوب، ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر نوید حیات سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی، اجلاس میں دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف پنجاب میں بھی رینجر کو اختیارات دینے سمیت تمام کالعدم تنظیموں کے خلاف بلاتفریق آپریشن، کالعدم تنظیموں کےمعاشی ذرائع بند اور سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے دوران صوبے بھر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کا دائرہ وسیع کرنے اور اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام انٹیلی جنس اداروں کے درمیان تعاون میں مزید بہتری لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا، اس کے علاوہ افغان مہاجرین کی غیر قانونی نقل وحرکت کو روکنے کے لیے بھی تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی منظوری دی گئی۔