نیویارک ( ویب ڈیسک ) ویسے تو ایک ارب روپے کسی فلم کو بنانے کے لیے بھی کافی سے زیادہ ہیں مگر ایک فلم میں تو صرف ایک گانے کا بجٹ ہی اتنا ہے۔جی ہاں واقعی یہ دنیا کا مہنگا ترین فلمی گانا قرار دیا گیا ہے جس کے لیے ایک کروڑ ڈالرز (ایک ارب پاکستانی روپے سے زائد) سے زائد کا خرچہ کیا گیا۔یہ ڈزنی اسٹوڈیوز کی اگلے ماہ ریلیز ہونے والی فلم” بیوٹی اینڈ دی بیسٹ“ کا ایک گانا ہے جس میں ایما واٹسن مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔یہ فلم اسی نام سے ماضی میں ریلیز ہونے والی اینیمیٹڈ فلم کا لائیو ایکشن ریمیک ہے جس کے گانے بھی ایما واٹسن اور دیگر اداکاروں پر فلمائے گئے ہیں۔اس فلم کا گانا Be Our Guestتاریخ کا سب سے مہنگا گیت ثابت ہوا ہے۔فلم کے ڈائریکٹر بل کونڈن نے اس کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ اس فلم کے بیشتر سیکونس کے لیے سی جی آئی اینمیشن ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین منٹ اس فلم کی لاگت کئی فلموں کے مجموعی بجٹ سے بھی زیادہ ہے بلکہ یہ اب تک فلمائے جانے والا سب سے مہنگا گانا ہے۔اس گانے کی جھلک تو سامنے نہیں آسکی ہے تاہم ایک اور گانا ضرور یوٹیوب پر ریلیز کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ یہ ایک میوزیکل فلم ہے، جسے بچوں کے ساتھ ساتھ بڑے بھی کافی شوق سے دیکھ سکیں گے۔اس سے قبل ڈزنی فلم ”سنڈریلا“ کا بھی ریمیک پیش کیا جاچکا ہے، جسے شائقین نے کافی پسند کیا۔اس فلم کا پہلا ٹیزر گزشتہ سال مئی جبکہ ٹریلر نومبر میں ریلیز کیا گیا تھا۔اس فلم کو 17 مارچ کو دنیا کے مختلف حصوں میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔