لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا،جس میں پنجاب میں توانائی کے مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا- وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں توانائی بحران کے خاتمے کےلئے دن رات کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں انہوں نے کہا کہ پنجاب کے علاقوں جھنگ، شیخوپورہ اور بلوکی میں لگنے والے 3600 میگاواٹ کے گیس پاور پراجیکٹس اسی سال مکمل ہوں گے،ان منصوبوں میں 112 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ گیس کی بنیاد پر لگنے والے 3600میگا واٹ کے منصوبے27ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے جا رہے ہیں- 1320مےگاواٹ کاساہیوال کول پاور پلانٹ بھی ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے جا رہا ہے۔ اتنی گنجائش کے منصوبے اتنے کم وقت میں چین میں بھی مکمل نہیں ہوئے۔اس منصوبے کی تکمیل سے 1320میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی-یہ منصوبہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ملک سے اندھیرے دور ہوں گے اورصارفےن کوبجلی سستی بھی ملے گی-پنجاب حکومت کوئلے، گیس، ہوا، سولراور دیگر ذرائع سے بجلی کے حصول کے منصوبوں کوآگے بڑھا رہی ہے- انہو ںنے کہا کہ قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں پنجاب حکومت نے 100میگا واٹ کا سولر منصوبہ اپنے وسائل سے لگایاہے اورترک کمپنی زورلوانرجی کے ساتھ سولر پاور پراجیکٹ کے منصوبوں کے حوالے سے معاہدے کئے گئے ہیں- صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وفاقی سیکرٹری پانی وبجلی، چیئرمین قائداعظم سولر پاور لمیٹڈ،جنرل منےجر پیپکو، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو، ایم ڈی این ٹی ڈی سی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی- دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں چین کے قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن(Mr.Long Dingbin ) کی قیادت میں توانائی کے شعبے کی چینی کمپنی کے وفدنے ملاقات کی-چینی کمپنی نے توانائی کے شعبہ خصوصا ٹرانسمیشن سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہارکیا -وزیراعلی شہبازشریف نے چینی کمپنی کی جانب سے سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان خصوصا پنجاب میں سرمایہ کاروں کےلئے ساز گار ماحول فراہم کیا گیاہے-چینی کمپنی دل کھول کر سرمایہ کاری کرے ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے-انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین کی دوستی مشکل کی ہر گھڑی پر پورا اتری ہے – سی پیک چین کے صدر کا پاکستان کے لئے ایک عظیم تحفہ ہے اور سی پیک نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولے ہیں-اپریل2015ءمیں چین کے صدر پاکستان آئے اور 46 ارب ڈالر کے تاریخ ساز منصوبوں پر دستخط ہوئے- معاہدوں کی سیاہی بھی خشک نہیں ہوئی تھی تو ان پر حقیقی معنوں میں عملی کام کا آغاز بھی ہو گیا-انہوں نے کہاکہ بعض منصوبے آج آسمانوں سے باتیں کر رہے ہیں اور بعض منصوبے تکمیل کے قریب ہیں – پاکستان سمیت دنیا بھر نے سی پیک کے منصوبوں پر اس تیز رفتاری سے عملدرآمد ہوتے ہوئے کبھی نہیں دیکھا- پاکستان میں بعض منصوبے اس برق رفتاری سے مکمل ہو رہے ہیں کہ دنیا کی تاریخ بدل رہی ہے -انہوںنے کہاکہ پاکستان میں منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل کے حوالے سے نیا ورلڈ ریکارڈ بن رہا ہے – یہ ون بیلٹ ون روڈ کا وہ شاندار ویژن ہے جو خطے میں امن اور خوشحالی لائے گا-معاشی اقدامات کے ذریعے ترقی اور خوشحالی کی تاریخ رقم ہو رہی ہے -انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین نے منصوبوں کی شفاف اور برق رفتار تکمیل کے حوالے سے تاریخ کا نیاباب لکھا ہے -1320 میگا واٹ کا ساہیوال کول پاور پراجیکٹ جس نے دسمبر 2017ءمیں مکمل ہونا تھا اب مئی،جون 2017ءمیں مکمل ہو گا – وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹیکسلا میں 30سالہ شخص کو آگ لگانے کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی۔