لاہور(کلچرل رپورٹر)جمشیدجان محمدکو نئی ایکشن کامیڈی فلم”بینڈ بج گئی“کی ڈائریکشن کے لئے منتخب کرلیا گیا ہے جسے یوکے فلمزپروڈیوس کررہا ہے۔جمشیدجان محمدان دنوں ذاتی فلم”جوانی لے ڈوبی“کی تکمیل میں مصروف ہیں جس کی شوٹنگ تسلسل سے جاری ہے اور اسے عنقریب مکمل کرلیا جائے گا۔اپنی نئی فلم”بینڈ بج گئی“کے بارے میں جمشیدجان محمد کا کہنا ہے کہ اس فلم کا موضوع لوگوں کو بہت پسندآئے گا کیونکہ اس میں وہ سب ہے جو لوگ فلموں میں دیکھنا چاہتے ہیں۔یہ فلم تفریح سے بھرپور ہوگی جس میں ایکشن،سسپنس اور کامیڈی سمیت بہترین میوزک بھی شامل ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ فلم کا سکرپٹ مکمل ہونے کے بعد کاسٹ پر کام شروع کیا جائے گا۔جمشیدجان محمدنے مزیدبتایا کہ”جوانی لے ڈوبی“کوریکارڈ ٹائم میں مکمل کرلیا جائے گا۔