لاہور(کلچرل رپورٹر)پروڈیوسر سہیل خان کی فلم”شورشرابہ“کی میوزک لانچنگ تقریب23مارچ کو لاہورمیں ہوگی جس میں فلم،ٹی وی اور فیشن انڈسٹری کی نمایاں شخصیات شرکت کریں گی۔ اس فلم کے نغمات احمدعقیل روبی اور خاقان حیدرغازی نے تحریر کئے، میوزک ذوالفقار علی عطرے، چھکولہری اورساجی علی نے ترتیب دیا جبکہ گلوکاروں میں حمیرا ارشد، رینا خان،سنبل راجہ،احمدجمشید،ساجی علی اور جمی عطرے شامل ہیں۔ سینئر گلوکاروں کے ساتھ ساتھ انہوں نے فلم میں تین نئے گلوکار بھی متعارف کرائے ہیں جس کے بارے میں سہیل خان کا کہنا ہے کہہمارے ملک میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن بہت سے لوگوں کو موقع نہیں دیا جاتا ،میں نے ”شورشرابہ“کے لئے بہت سے لوگوں کے آڈیشنز کرنے کے بعد انہیں موقع دیاہے۔
،ایک سوال کے جواب میں سہیل خان نے کہا کہ حالیہ سالوں میں بننے والی بیشتر پاکستانی فلموں کے میوزک پر توجہ نہیں دی گئی یہی وجہ ہے کہ کروڑوں روپے کے بجٹ سے بننے والی فلموں کا ایک گانا بھی مقبول نہ ہوسکا ،میں اپنی فلم کے میوزک بارے کوئی دعویٰ نہیں کروں لیکن اتنا ضرور ہے کہ میوزک سننے کے بعد لوگ ایک بار ضرورکہیں گے پاکستان میں اب بھی اچھی موسیقی بن رہی ہے۔
سہیل خان نے مزیدبتایا کہ فلم کی ریلیز کی تاریخ بھی جلد فائنل کرلی جائے گی۔