اسلام آباد (ویب ڈیسک)اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری منصوبے کے تحت کورال انٹرچینج انڈر پاس پر تعمیراتی کام مکمل، وزیراعظم نواز شریف23مارچ کو افتتاح کریں گے ، ایکسپریس وے پر کورال سے میڈیا ٹاﺅن تک روڈ کی تعمیر نو کے منصوبے کے ٹینڈرجاری کر دئیے گئے، منصوبے پر کام کا افتتاح آئندہ 2ماہ کے دوران ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایکسپریس وے منصوبہ کے تحت کورال انٹرچینج انڈر پاس پر تعمیراتی کام تقریبا مکمل ہو گیا،منصوبے پر کارپٹنگ کا کام باقی ہے جو آئندہ چند روز میں مکمل کر لیا جائے گا جبکہ وزیراعظم نواز شریف23مارچ کو کورال انٹرچینج انڈرپاس کا افتتاح کریں گے، زےرو پوائنٹ سے روات تک 25 کلو میٹر طویل اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈورمنصوبے پر مجموعی لاگت 21.787 ارب روپے ہے۔قبل ازیں وفاقی ترقیاتی ادارے سی ڈی اے نے پہلے مرحلے میں زیرو پوائنٹ سے فیض آباد تک دونوں اطراف چار رویہ 4 کلو میٹر سڑک اور آئی ایٹ چوک پر انٹرچینج کی تعمیر کا کام مکمل کر لیا تھا جس پر ٹریفک رواں دواں ہے، ایکسپریس وے پر شاہراہ کی توسےع کے ساتھ ساتھ انڈر اور اوور پاسز کی تعمےر، جدےد ٹرےفک سینٹرز کا قےام اور سکیورٹی سسٹم کی تنصےب بھی منصوبے کا حصہ ہے۔ میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے خبر رساں ادارے آئی این پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف اور موجودہ حکومت کی ترجیحات کے پیشِ نظر اور اسلام آباد کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی کے باعث اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور جیسا میگا پراجیکٹ ممکن ہوا ہے۔دوسری طرف ایکسپریس وے پر کورال سے میڈیا ٹاﺅن تک روڈ کی تعمیر نو کے منصوبے کے ٹینڈرجاری کر دئیے گئے، منصوبے پر پی ڈبلیو ڈی کام کرے گا، منصوبے پر کام کا افتتاح آئندہ 2ماہ کے دوران ہو گا۔