لاہور (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نئے عزم ، ولولے اور بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے ، پیپلز پارٹی پسے ہوئے طبقات کی آواز ہے اور انکے حقوق کے لئے ہر سطح پر جنگ لڑیں گے ، تنظیم سازی کا عمل پیپلز پارٹی کو مضبوط بنیادیں فراہم کرے گاسب کو اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول ہاﺅس لاہور میںاوور سیز کوارڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت اورپیپلزپارٹی لاہور اور قصور کے نئے عہدیداروں کے امیدواروں سے انٹر ویوز کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر قمر زمان کائرہ، ندیم افضل چن، رحمان ملک،چوہدری منظور اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔بلاول بھٹو زرداری نے اوورسیز کوآرڈی نیشن کمیٹی کو سمندر پار پاکستان پیپلزپارٹی کومتحرک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پیپلز پارٹی کی تنظیم سازی بیرون ممالک موجود تمام کارکنان کی مشاورت سے کی جائے۔پیپلزپارٹی شروع سے سمندر پار پاکستانیوں کی سب سے بڑی جماعت رہی ہے۔شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے ہر پاکستانی کو پاسپورٹ جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔انہوں نے سمندر پار روزگار کے مواقع نکالے اور پاکستانیوں کے لیے پوری دنیا کے دروازے کھول دئیے ۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ملکی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ان کی قومی سیاست میں دلچسپی کو اولیت کے بنیاد پر آگے لےجایاجائے گا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی سمندر پارنئی تنظیم کارکنان کے امنگوں کے عین مطابق ہوگی جو پارٹی کو متحرک کرے گی ۔ نئی پوری دنیا میں بھٹو ازم کا پیغام پھیلائے گی۔علاوہ ازیں بلاول بھٹو نے صوبائی کوار ڈی نیشن کمیٹی کے سفارشات پر پیپلزپارٹی ضلع لاہور کے نئے عہدیداروں کے لیے امیدواروں سے انٹرویوز کئے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری انتہائی سخت سکیورٹی میں پیپلز پارٹی کے مقتول رہنما بابر سہیل بٹ کے اہل سے اظہار تعزیت کےلئے ان کی رہائشگاہ بھی گئے۔ بلاول بھٹو نے غمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت کے بعد مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ قبل ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اوورسیز کوآرڈینیشن کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ سمندر پار پاکستان پیپلزپارٹی کی متحرک تنظیم لانے کے لیے بیرون ملک موجود تمام کارکنان سے مشورے کیے جائیں، بلاول بھٹو زرداری نے ان خیالات کا اظہار بلاول ہاو¿س میں پاکستان پیپلزپارٹی سمندر پار کوآرڈینیشن کمیٹی کے اراکین کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں سینیٹر رحمان ملک، چودھری عبدالمجید،بشیر ریاض اور دیگر شریک تھے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی شروع سے سمندر پار پاکستانیوں کی سب سے بڑی جماعت رہی ہے کیونکہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے ہر پاکستانی کو پاسپورٹ جاری کرنے کا حکم دیا، ان کے لیے سمندر پار روزگار کے مواقع نکالے اور ان کے لیے پوری دنیا کے دروازے کھول دیے۔