قصور (بیورو رپورٹ) آج صبح سب انسپکٹر کے قتل میں ملوث خطرناک ڈاکو افلاطون مبینہ پولیس مقابلے میں پار جبکہ اس کے 2ساتھی پولیس کے شیرجوانوں کو چکمہ دے کر فرار۔ بتایا گیا ہے کہ پتوکی صدر کے علاقہ ساجووال کے قریب آج صبح پولیس نے 3مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجہ میں ملزمان کی طرف سے فائرنگ کا سلسلہ رکنے پر قریب جا کر دیکھا تو ایک ملزم کی خون میں لت پت نعش پڑی تھی جبکہ اس کے 2ساتھی فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت افلاطون عرف افلاطو کے نام سے ہوئی ہے جو کہ چوری‘ ڈکیتی سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث تھا جبکہ اس نے فیصل آباد کے سب انسپکٹر نصیراحمد کو بھی شہید کیا تھا۔ نعش کو پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانہ جمع کروا دیا گیا ہے۔ نوکری کا جھانسہ دیکر پولیس کے شیر جوانوں نے خوبرو دوشیزہ کو ہوس کا نشانہ بنا ڈالا، متاثرہ لڑکی کی اعلیٰ افسران سے کارروائی کی اپیل۔ بتایا گیا ہے کہ شیخوپورہ سب انسپکٹر علی شیر اور اس کے ساتھی ارسلان نے (الف) بی بی کو پولیس میں نوکری کا جھانسہ دیکر اس سے دو لاکھ روپے کی رقم ہتھیالی اور ٹھوکرنیاز بیگ کے قریب واقع ایک کمرہ میں لے جا کر اسے بے آبرو کر دیا جس پر متاثرہ لڑکی نے محکمہ اینٹی کرپشن میں سب انسپکٹرز کے خلاف درخواست دے دی۔ لڑکی نے اعلیٰ افسران سے اپیل کی ہے کہ اسے انصاف مہیا کیا جائے۔شاہدرہ ٹاﺅن کے علاقہ میں رات 3بجے نامعلوم افراد نے پراپرٹی ڈیلر کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔ جبکہ فیکٹری ایریا سے 40سالہ خاتون کی نعش برآمد۔ کاہنہ میں کٹی پتنگ کی ڈور پکڑتے ہوئے 2بچے کرنٹ لگنے سے بری طرح جھلس گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچادیاگیا۔ بتایاگیا ہے کہ شاہدرہ ٹاﺅن کے علاقہ بلال نگر کا رہائشی شیخ مشتاق پراپرٹی کا کام کرتا تھا رات گئے گھر کے قریب واقع دکان پر جارہا تھا کہ نامعلوم افراد نے گولیاں مار دیں جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہلاک ہوگیا۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے نعش کو قبضہ میں لیکر ڈکیتی مزاحمت سمیت تمام پہلوﺅں پر تفتیش شروع کردی ہے مقتول 3بچوں کا باپ تھا۔ جبکہ فیکٹری ایریا والٹن روڈ سے 40سالہ خاتون کی نعش ملی ہے پولیس کے مطابق متوفیہ کی شناخت نہیں ہوسکی ورثاءکی تلاش کے لیے قریبی مساجد میں اعلان کروائے گئے ہیں۔علاوہ ازیں کاہنہ کے علاقہ میں دھاتی تار سے اڑنے والی پتنگ کی ڈور پکڑتے ہوئے 10سالہ فیصل اور رضوان کرنٹ لگنے سے بری طرح جھلس گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچادیاگیا جہاں پر ان کی حالت نازک بیان کی جاتی ہے۔ جبکہ اس بارے رابطہ کرنے پر متعلقہ پولیس نے واقع بارے لاعلمی کا اظہار کیا۔
